اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

چین کے ساحل کے پاس فیری ڈوب گئی

نیوز لیکس پر نواز شریف نے پاک فوج کو دنیا میں بدنام کروایا

نیوز لیکس پر نواز شریف نے پاک فوج کو دنیا میں بدنام کروایا

کوئٹہ: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف سوشل میڈیا کی آزادی کو دبانے نہیں دیں گے، نیوز لیکس پر نواز شریف نے پاک فوج کو دنیا میں بدنام کروایا، نواز شریف کے ملک سے باہر مفادات کی انکوائری کی جائے، بھارتی تاجر جندال آتا ہے اور کلبھوشن کو بچا لیتا ہے، پاکستان میں اب کمپنیوں کے خاندانوں کی حکومت ہے، پنجاب میں شریف خاندان، سندھ میں زرداری، خیبر پختونخواہ میں اسفند، بلوچستان میں فضل الرحمن اور اچکزئی کی کمپنیاں ہیں، ماضی میں ایسٹ انڈیا کمپنی اور آج شریف کمپنی ہے، یہ کمپنیاں امیر اور عوام غریب ہو رہا ہے، پاکستان سے سالانہ ایک ہزار ارب روپیہ چوری ہو کر باہر جاتا ہے۔ انہوں نے کوئٹہ میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو ہر طرح کا موسم، زرخیز زمین، پانی، پہاڑ دیے اور 12 موسم دیے۔ لیکن آج کیوں اتنی غربت ہے؟ وہ ملک جو دنیا کا امیر ترین ملک بن سکتا تھا۔ میں نے پوری دنیا دیکھی ہے۔ سوئٹزر لینڈ میں صرف پہاڑ ہیں۔ پاکستان کے پہاڑ زیادہ خوبصورت ہیں۔ نائجیریا ملک تیل کے ذخیرے پر بیٹھا ہے لیکن غریب ہے۔ انگریزوں سے پہلے دنیا کا 23 فیصد جی ڈی پی ہندوستان کا تھا۔ پھر انگریز ایسٹ انڈیا کمپنی لے کر آئے۔ بنگال انڈیا کا خوشحال خطہ تھا۔ نشہ پور سارے برطانیہ سے امیر تھا۔ لیکن انگریز 200 سال کی حکومت کے بعد برطانیہ امیر ترین خطہ جبکہ بنگال سب سے غریب رہ گیا۔ پنجاب میں انگریز نے صرف 100 سال حکومت کی لیکن پنجاب امیر خطہ رہ گیا۔ انگریزوں نے یہاں سے پیسہ کمایا اور برطانیہ بھیجا، جس کے نتیجہ میں ہندوستان غریب ہوتا گیا۔ اب ہمارے ملک میں شریف خاندان کی کمپنی، سندھ میں زرداری، بلوچستان میں فضل الرحمن، اچکزئی نے کمپنی بنائی ہوئی ہے۔ جبکہ خیبر پختونخواہ میں اسفندیار ولی نے کمپنی بنا رکھی ہے۔ یہ پیسہ چوری کر کے باہر بھیجتے ہیں۔ بلکہ منی لانڈرنگ کرتے ہیں۔ تین سال میں 800 ارب منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر گیا، منی لانڈرنگ کر کے دبئی میں پراپرٹی بنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ریسرچ پیپرز کے مطابق پاکستان سے سالانہ ایک ہزار ارب روپیہ چوری ہو کر باہر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی اور جاپان میں نواز شریف ماڈل ہوتا تو وہ قومیں تباہ ہی ہو جاتیں، لیکن ان ممالک نے انسانوں پر سرمایہ کاری کی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ کلبھوشن یادیو بھارتی جاسوس نے اعتراف کیا کہ وہ بلوچستان اور کراچی میں دہشگردی پھیلاتا تھا۔ جبکہ کراچی میں را ایک سیاسی پارٹی کی مدد کرتی تھی۔ انڈیا میں اگر کوئی پاکستانی پکڑا جاتا تو کبھی آئی سی جے نہ جاتے۔ بلکہ انڈیا اس کو کب کا پھانسی پر لٹکا چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ نیوز لیکس پر نواز شریف نے پاک فوج کو دنیا میں بدنام کیا، غداری کی۔ یہ بات آپ کے آفس سے باہر نکلی، نواز شریف پر قوم کو اعتماد نہیں رہا۔ پھرجندال تاجر آپ کے پاس آیا۔ جندال آتا ہے اور کلبھوشن کو بچا لیتا ہے۔ تحقیقات کی جائیں کہ نواز شریف کے ملک سے باہر کیا کیا مفادات ہیں۔ ہندوستان میں آپ کے یا آپ کے بچوں کے بزنس پارٹنرز ہیں؟ وقت آ گیا ہے کہ آپ قوم کو سچ بتائیں۔ عمران خان نے خبردار کیا کہ نواز شریف تم نے سوشل میڈیا کی آزادی کو نقصان پہنچایا، ایف آئی اے کے ذریعے نوجوانوں کی آواز بند کرنے کی کوشش کی۔ ہم اعلان کرتے ہیں کہ ہم سڑکوں پر نکلیں گے، ہمیں ویسے ہی بڑی پریکٹس ہے۔ فوج کو بدنام آپ نے کیا۔ ہم نے نہیں کیا۔ ہمیں اور ہمارے نوجوانوں کو مجبور نہ کرو۔ہم کسی صورت تمہیں لوگوں کی آواز کو دبانے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پولیس نے کہا کہ ہمیں کے پی کے پولیس کا ایکٹ چاہیے۔

loading...