اشاعت کے باوقار 30 سال

ٹورازم کارپوریشن کا وادی کیلاش میں صفائی مہم کا انعقاد

ٹورازم کارپوریشن کا وادی کیلاش میں صفائی مہم کا انعقاد

پشاور: ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخوا نے صوبہ کے سیاحتی مقامات کی خوبصورتی بحال کرنے اور سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات تیز کر دیئے، اس سلسلے میں چترال کے علاقہ وادی کیلاش میں ورلڈ بینک کے پراجیکٹ اقتصافی بحالی برائے خیبر پختونخوا اور فاٹا اور ٹورازم کارپوریشن کے باہمی تعاون سے وادی کے سیاحتی مقامات، میوزیم اور دیگر علاقوں میں سیاحوں کے آرام کے لئے بینچز نصب کئے گئے تاہم اس کے ساتھ ساتھ کیلاش کی خوبصورتی بحال کرنے اور عبادت گاہوں سمیت وادی کی صفائی کے لئے ٹورازم کارپوریشن نے مقامی سکول کے بچوں کے ہمراہ صفائی مہم کا بھی آغاز کیا جس میں وادی کیلاش کے مقامی سکول کے بچوں نے حصہ لیا اور مختلف مقامات پر پڑے گند اور کچرے کو ٹھکانے لگایا اس موقع پر جنرل منیجر ٹورازم انفارمیشن سنٹر محمد علی سید اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں جنہوں نے صفائی مہم میں حصہ لیا، مہم کے اختتام پر ان بچوں میں ٹورازم کارپوریشن کی جانب سے مفت کتابیں، سامان اور انعامات تقسیم کئے، ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخوا اور اقتصادی بحالی برائے خیبر پختونخوا اور فاٹا کے باہمی اشتراک سے صوبہ کے سیاحتی مقامات پر بینچز اور کوڑے دانوں کی تنصیب کا سلسلہ شروع ہے اور اس سلسلے میں کیلاش میں سیاحوں کو آمد کے پیش نظر کیلاش ویلی میں وادی بریر، رمبور اور بمبوریت میوزیم میں 20 بینچز لگائے گئے تاکہ سیاحوں کو سیاحتی دورے کے دوران کسی قسم کی تکلیف نہ ہو، ٹورازم کارپوریشن نے کیلاش قبیلے کے مذہبی تہوار کے دوران سیاحوں کے لئے ٹینٹ ویلیج بھی بنائی جس میں صوبہ بھر سے آنے والے صحافیوں، ملکی و بین الاقوامی سیاحوں اور دیگر افراد نے قیام کیا ، اس موقع پر سیاحوں کو معلومات فراہم کرنے کے لئے ٹورسٹ انفارمیشن سنٹر کا قیام بھی عمل میں لایا گیا تاکہ سیاحوں کو ان سیاحتی مقامات کے بارے میں معلومات فراہم کی جا سکیں۔