اشاعت کے باوقار 30 سال

الحاج ہونڈائے لمیٹڈ کا پاکستان میں گاڑیاں اسمبل کرنے کا فیصلہ

الحاج ہونڈائے لمیٹڈ کا پاکستان میں گاڑیاں اسمبل کرنے کا فیصلہ

کراچی: گاڑیاں تیار کرنے والی جنوبی کورین کمپنی ہونڈائے نے الحاج گروپ کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے پاکستان میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر معاہدے کے ذریعے بھاری کمرشل گاڑیاں (ایچ سی وی) متعارف کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ یہ گاڑیاں ان دونوں کمپنیوں کے ذیلی ادارے الحاج ہونڈائے لمیٹڈ کے تحت تیار کی جائیں گی۔ ابتدائی طور پر الحاج ہونڈائے ہیوی ڈیوٹی ٹرک، یونیورس لگژری بسیں اور بھاری میڈیم و لائٹ ڈیوٹی ٹرک متعارف کرائے گا تاہم بعد ازاں یہ ذیلی ادارہ کارگو اور پیسنجر ہینڈلنگ شعبے کی دیگر مصنوعات بھی متعارف کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ خیال رہے کہ پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) 2020 تک عالمی تجارت میں 4 فیصد اضافے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اکیسویں صدر کے میری ٹائم سلک روڈ کی تعمیر کے ذریعے سی پیک معاشی پیداوار میں اضافے کا سبب بنے گا جبکہ تجارت و انفرااسٹرکچر نیٹ ورک میں جدت کی رفتار کو بھی تیز کرے گا۔ جمعرات (18 مئی) کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الحاج ہونڈائے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) بلال خان آفریدی کا کہنا تھا کہ دونوں کمپنیوں کا یہ مشترکہ منصوبہ ملازمت کے مواقع پیدا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے کے دوران پلانٹ میں تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔