اشاعت کے باوقار 30 سال

دنیا کی مقبول ترین میسجنگ سروس کا ایک نیا فیچر متعارف

دنیا کی مقبول ترین میسجنگ سروس کا ایک نیا فیچر متعارف

مشہور ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ استعمال کرنے والے جانتے ہیں کہ جب وہ کسی گروپ چیٹ کا حصہ ہوں یا ان کی کانٹیکٹ لسٹ میں کچھ ایسے افراد ہوں جو پورا دن مسلسل پیغامات بھیجتے رہتے ہوں تو اس کے نتیجے میں کچھ اہم افراد کے میسجز نظر سے چوکنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ مگر اب آپ کو اس مسئلے کا سامنا نہیں ہوگا۔ جی ہاں دنیا کی مقبول ترین میسجنگ سروس نے ایک نئے فیچر کو متعارف کرادیا ہے جو آپ کے لیے چیٹس کا انتظام کرنا آسان بنا دے گا۔ یہ فیچر رواں ماہ کے شروع میں واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں آزمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا تاہم اب یہ عام صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ واٹس ایپ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیٹ کو پِن کرنے سے ہمیں اپنے گھروالوں یا دوستوں کی طویل بات چیت کی لمبی فہرست میں اسکرولنگ کرنے کی فکر نہیں کرنی پڑے گی، اب صارفین اپنی پسند کے تین گروپ یا افراد کی چیٹس کو پِن کر کے سب سے اوپر رکھ سکتے ہیں۔ یعنی جن افراد کی چیٹ کو پِن کردیا جائے گا، وہ ہمیشہ میسجز لسٹ میں اوپر نظر آئیں گی، چاہے دیگر صارفین کے لاتعداد پیغامات ہی کیوں نہ موصول ہورہے ہوں۔ کسی چیٹ کو پِن کرنے کے لیے صارفین کو چیٹ کو کچھ دیر دبا کر رکھنا ہوگا جس کے بعد ٹاپ بار میں ڈیلیٹ، میوٹ اور آرکائیو لوگو کے ساتھ پِن لوگو نمودار ہوگا۔ اسی طرح پِن چیٹ کو دبا کر رکھیں جس کے بعد اَن پن کا آپشن سامنے آئے گا۔ اگر آپ اس فیچر کو استعمال کرنا چاہتے ہیں اور یہ فون پر دستیاب نہیں تو فوری طور پر گوگل پلے پر جاکر اپنی ایپ کو اَپ ڈیٹ کرلیں۔