اشاعت کے باوقار 30 سال

لگے رہیں شہر یار خان صاحب

لگے رہیں شہر یار خان صاحب

کراچی: وزیر اعظم نے بطور چیئرمین پی سی بی شہر یار خان کو عہدے کی معیاد مکمل کرنے کے لیے تھپکی دے دی۔ کرکٹ بورڈ چیف شہر یار خان نے مارچ کے اواخر میں اپنا استعفیٰ سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم کو ارسال کر دیا تھا، ان کی جگہ نجم سیٹھی کا عہدہ سنبھالنا یقینی تھا کہ اچانک سیاسی محاذ گرم ہونے سے یہ معاملہ ٹھنڈا پڑ گیا، گزشتہ دنوں پھر اس حوالے سے اطلاعات گردش میں رہیں تاہم اب یہ یقینی ہو چکا ہے کہ شہریار خان اپنے عہدے کی میعاد مکمل کریں گے۔ ذرائع کے مطابق انھوں نے گزشتہ روز سینئر بورڈ حکام اور گورننگ بورڈ ارکان کو ایک ای میل ارسال کی، اس میں شہر یار خان نے تحریر کیا کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم کے سیکریٹری فواد حسن فواد نے مجھے فون کر کے بتایا کہ میرا استعفیٰ موصول ہو چکا مگر اس پر کوئی ایکشن لینے کا حکم نہیں ملا ہے۔ لہذا یہ فیصلہ ہو گیا کہ مجھے بطور چیئرمین پی سی بی اگست 2017 تک اپنے عہدے کی معیاد مکمل اور جون میں آئی سی سی کی اہم سالانہ جنرل میٹنگ میں اسی حیثیت سے شرکت کرنی چاہیے، میرے جانشین کا فیصلہ کرنے کے لیے الیکشن بورڈ آئین کے مطابق ہوں گے۔ دوسری جانب شہر یار خان نے اپنے رفقا کو بتایا کہ میں آئی سی سی میٹنگ میں شرکت کے لیے 30 مئی کو لندن روانہ ہو رہا ہوں، انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی اور ویمنز اسکواڈ کے ورلڈ کپ میچز بھی دیکھوں گا، میری وطن واپسی 15 جولائی کو ہو گی، اس دوران انگلینڈ سے بذریعہ فون اور ای میل رابطے کے لیے دستیاب ہوں گا، انھوں نے بتایا کہ گورننگ بورڈ کی اگلی میٹنگ 18 جولائی کو متوقع ہے تاہم اس کی تصدیق ہونا باقی ہے تاہم بورڈ کا سالانہ اجلاس عام 25 مئی کو ہو گا۔