اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

ایر کینیڈا کا 15 سالہ بچے کے ساتھ ناروا سلوک

ایر کینیڈا کا 15 سالہ بچے کے ساتھ ناروا سلوک

ایر کینیڈا پچھلے کچھ مہینوں سے اپنے کارناموں کے باعث خبروں میں ہے ۔ کبھی کسی مسافر کو جہاز سے گھسیٹ کر زبردستی اتار دیا جاتا ہے کبھی اوور بکنگ کی وجہ سے کنفرم ٹکٹ ہونے کے باوجود ایک خاتون کو سیٹ سے محروم کرکے اس کے سیر کے پروگرام کو تلپٹ کر دیا جاتا ہے۔ اب ان کا ایک اور کارنامہ سامنے آیا ہے اس دفعہ ایک 15 سالہ بچہ ان کا کشتہ ستم بنا ہے۔ اس 15 سالہ بچے ڈیرن ایسپینولا کی سرگزشت کچھ یوں ہے کہ اسے یکم مئی کو ڈینور سے براستہ ٹورانٹو تھنڈر بے جانا تھا۔ اس کی ماں کیرن پیٹاک نے ایر کینیڈا پر اعتماد کرتے ہوئے اس کے لئے اس کمپنی کا ٹکٹ خریدا تھا۔ یکم مئی کو ڈینور سے ایر کینیڈا کی پرواز تاخیر سے روانہ ہوئی اس کے نتیجہ میں ایسپینولا نے ٹورانٹو سے جو پرواز پکڑنی تھی وہ پہلے ہی روانہ ہو چکی تھی۔ ایر کینیڈا نے ایسپینولا کی اگلی صبح 6 بجے کی متبادل پرواز میں اس کی بکنگ کر دی۔ مگر رات گزارنے کے لئے نہ تو اس کے لئے ہوٹل کا انتظام کیا گیا اور نہ ہی اسے کھانے کے لئے فوڈ واؤچر دئے گئے۔ ایسپینولا کم عمر ہونے کے باعث نہ تو ایر پورٹ سے باہر جا سکتا تھا اور نہ ہی اسے ہوٹل میں رہائش مل سکتی تھی چنانچہ ا س کا رات کا کچھ حصہ تو ایر کینیڈا کے ایک ڈیسک سے دوسرے ڈیسک کی طرف بھاگ دوڑ میں گزرا ا ور باقی رات اس نے اس خوف سے جاگتے گزار دی کہ کوئی اسے سوتے میں لوٹ نہ لے۔ ایر کینیڈا کے ایک ترجمان نے ایسپینولا کے ساتھ گزرنے والے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ ٹورانٹو ایر پورٹ پر نئے رن وے کی تعمیر اور اس پر مستزاد موسم کی خرابی پروازوں میں تاخیر کا موجب بن رہی ہے۔ ترجمان نے ایسی صورت حال میں مسافروں کو دی جانے والی سہولتوں کا ذکر کیا مگر انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ایسپینولا کو یہ سہولتیں کیوں نہیں دی گئیں۔

loading...