|
اردو ٹائمز(نیوز) صدر آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد ذوالقرنین خان نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف سے انکی رہائشگاہ ماڈل ٹاﺅن پر ملاقات کی۔ انتہائی خوشگوار ماحول میں ہونیوالی اس اہم ملاقات میں مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال‘ مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے مسائل‘ پاکستان کو درپیش چیلنجز اور باہمی دلچسپی کے امور پر سیرحاصل گفتگو ہوئی۔ دوران ملاقات میاں محمد شہبازشریف نے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی بھارت سے آزادی کیلئے طویل جہدِ مسلسل کو سراہتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام ہمارے جسم و جان کا حصہ ہیں۔ ہم دنیا کے ہر فورم پر اپنے بھائیوں کو سیاسی‘ سفارتی اور اخلاقی امداد جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر راجہ ذوالقرنین خان نے 8 اکتوبر کے سانحہ پر اپنے پنجابی بھائیوں کی طرف سے دل کھول کر امداد کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناءصدر آزاد کشمیر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈے اختیار کرکے اب ”ایموشنل بلیک میلنگ“ پر اتر آیا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کالے قوانین کا نفاذ‘ ماورائے عدالت قتل‘ عفت مآب خواتین کی عصمت دری‘ سول آبادیوں میں 7 لاکھ بھارتی مسلح افواج کی بربریت‘ ایٹمی اسلحہ سے لیس درجنوں جنگی طیاروں کی مقبوضہ علاقے میں آمد اور انڈس واٹر ٹریٹی (19 ستمبر 1960ئ) کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان آنیوالے دریاﺅں کو بطور ہتھیار استعمال کرکے پاکستان کی زمینوں کو بنجر اور اقتصادیات کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے صرف خواہشات اور امیدوں کے ذریعے نہیں نکلا جاسکتا۔ سیاسی و مذہبی لیڈرشپ کو حالات کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے کامل یکجہتی کا مظاہرہ کرکے مشترکہ نصب العین و عالمی رائے عامہ کو ہمنوا بناکر ہی بھارت کو پریشرائز کیا جاسکتا ہے۔ عالمی امن اور انسانیت کی بقاءکی خاطر جموں و کشمیر کے عوام کو بھارتی افواج کی وحشت اور دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے عالمی برادری کو کردارادا کرنا ہوگا۔
|
|