اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Sun, 12 Oct 2008 09:09:00

وزیرستان:امریکی میزائل حملے میں 5جاں بحق

وزیرستان:امریکی میزائل حملے میں 5جاں بحق

 اردو ٹائمز(نیوز) افغانستان میں بین الاقوامی امن فورس ایساف نے پاکستان کی حدود میں 5 مشتبہ جنگجوﺅں کو جاں بحق کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جبکہ شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز امریکی میزائل حملے میں جاں بحق ہونے والے پانچ افراد کو سپردخاک کر دیا گیا ہے۔ جاسوس طیاروں کی پروازوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق افغانستان میں بین الاقوامی امن فورس ایساف نے پاکستان کی حدود میں پانچ مشتبہ جنگجوﺅں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ کویتی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں ایساف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سرحد پار سے جنگجوﺅں کی جانب سے ایساف کے بیس پر دو حملوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پہلے واقعہ میں حملہ کی تیاری میں مصروف دو جنگجوﺅں کو آرٹلری کے سات راﺅنڈ سے نشانہ بنایا گیا اور سرحد کی دوسری جانب پاکستان فوج نے جنگجوﺅں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ دوسرے واقعہ میں پاکستانی سرحدی علاقے سے راکٹ حملوں کی تیاری میں مصروف جنگجوﺅں کو چار آرٹلری فائر سے نشانہ بنایا گیا جس میں تین جنگجو مارے گئے۔ ایساف ترجمان کے مطابق اس واقعہ کی بھی پاکستانی فوج نے تصدیق کی ہے۔ اے این این کے مطابق شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں پر پرواز کرنے والے 5 امریکی جاسوس طیارے مشتعل قبائلیوں کی فائرنگ کے بعد واپس افغانستان چلے گئے۔ ذرائع کے مطابق جاسوس طیارے شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ اور ملحقہ علاقوں پر رات بھر پروازیں کرتے رہے جس سے قبائلیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اتوار کی صبح سرحدی علاقہ ہمزونی میں نچلی پروازیں کرنے والے جاسوس طیاروں پر قبائلیوں نے فائرنگ کی جس کے بعد طیارے افغانستان واپس جانے پر مجبور ہو گئے۔ امریکی جاسوس طیاروں کی پروازوں سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس طاری ہے اور عوام اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل اطہر عباس نے بتایا کہ ہم جنوبی وزیرستان میں گزشتہ روز دھماکوں کے بارے میں آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 3 امریکی طیاروں کو جنوبی وزیرستان کی حدود میں دیکھا گیا ہے جس پر چند قبائلیوں نے فائرنگ کی تاہم فائرنگ سے طیاروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ ادھر گزشتہ روز امریکی میزائل حملے میں جاں بحق ہونے والے 5 افراد کو سپردخاک کر دیا گیا ہے۔ ان افراد کی نماز جنازہ میرانشاہ کے قبرستان میں ادا کی گئی اور جنازے میں امریکی حملوں پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔


5 / 5 (1 Votes)







 تازہ ترین

 اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications


sponsors: custom lanyards | rubber bracelets | custom wristbands | air purifier