اردو ٹائمز(نیوز) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کے سرحدی علاقوں میں حملے بند کرنے کے علاوہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنے غیر قانونی حراستی مراکز بند کرے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل پاکستان سیکشن کے صدر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ تنظیم پاکستانی حکومت اور مسلح گروپوں میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ پاکستان فاٹا سمیت تمام قبائلی علاقوں میں عام معافی کا اعلان کرے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل پاکستان کے صدر فیاض الرحمان نے کہا کہ فوجی آپریشن کی وجہ سے ایک پورا خطہ جنگ کی تباہ کاریوں اور خطرناک نتائج کا سامنا کر رہا ہے وہاں حکومت پاکستان نہیں بلکہ امریکہ کی جنگ لڑی جا رہی ہے۔ امریکہ اور برطانیہ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات شروع کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن ابھی تک حکومت پاکستان کی امن کے حصول کیلئے کوئی عملی اور واضح پالیسی سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ملک کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی قومی کانفرنس منعقد کی جائے۔