اردو ٹائمز(نیوز) امریکی اخبار نے کہا ہے کہ بش انتظامیہ افغان حکمت عملی فوری طورپر تبدیل کررہی ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے کہا ہے کہ بش انتظامیہ فوری طورپر افغانستان بارے اپنی پالیسی تبدیل کررہی ہے اخبارکے مطابق امریکی انٹیلی جنس حکام کی افغانستان میں تشدد کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافے کی رپورٹس کے بعد بش انتظامیہ نے فوری طور پر افغان پالیسی تبدیل کرنے کافیصلہ کرلیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق صدرحامدکرزئی اوران کے دیگر عہدیداران کی کرپشن سے فائدہ اٹھاکر پاکستان کے قبائلی علاقوں میں چھپے طالبان نے افغانستان میں حملوں میں اضافہ کردیا ہے۔ ایک اور امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان کے بڑھتے ہوئے حملوں اور تشدد نے افغان جنگ میں مقاصد کاحصول مزید دشوار بنادیا ہے۔ ا خبارکے مطابق اعلیٰ حکام اس تشویش میں مبتلا ہیں کہ امریکی انتخابات اور نئی حکومت تک اقتدار کی منتقلی کے وقت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کہیں دہشت گرد افغانستان کی صورتحال کو مزید گھمبیر نہ بنادیں اسی تناظر میں بش انتظامیہ نے فوری طور پر افغان پالیسی میں ردوبدل کافیصلہ کیا ہے۔۔(وصی)