اردو ٹائمز(نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بین کی مون نے کہا ہے کہ یو این جنرل اسمبلی آئندہ ماہ کے وسط میں ایک اجلاس کا انعقاد کرے گی جس میں خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے بین المذاہب مذاکرات کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات تبارے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیویارک ہیڈکوارٹر میں سعودی عرب کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سعودی شاہ کا بیحد احترام کرتے ہیں اور متعدد اقدامات میں ان کی لیڈر شپ کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب مذاکرات کے لئے انہوں نے سعودی شاہ عبداللہ اور وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل کے ساتھ مل کر کام کیا ہے اور وہ ذاتی طور پر یقین رکھتے ہیں کہ مختلف مذاہب کے درمیان مذاکرات عالمی کشیدگی کے حل میں اہم کردار ادا کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ میڈرڈ کانفرنس مختلف مذاہب کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی علامت ہے اور وہ امید رکھتے ہیں کہ یہ کانفرنس مزید مستحکم اور محفوظ دنیا کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرے گی۔