اردو ٹائمز(نیوز) بھارت کی حکمران اور اپوزیشن جماعتوں نے صدر آصف علی زرداری کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے مبینہ طور پر کشمیری حریت پسندوں کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔ امریکی اخبار کو آصف علی زرداری کے انٹرویو پر اپنے ردعمل میں بھارتی وزیر برائے امور خارجہ آنند شرما نے کہا کہ پہلی مرتبہ کسی پاکستانی سربراہ کی جانب سے کشمیریوں کو دہشت گرد قرار دیا جانا کشمیر کے حوالے سے بھارت کا دیرینہ موقف صحیح ہونے کا ثبوت ہے۔ اب امید ہے کہ پاکستان کشمیریوں کو دہشت گرد قرار دینے کیلئے عملی اقدامات بھی کرےگا۔ بھارتی اپوزیشن پارٹی بی جے پی کے ترجمان راجیو پرتاپ روڈی نے آصف زرداری کے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی صدر کا بیان دونوں ملکوں میں تقسیم شدہ قوموں کو ملانے میں پل کا کردار ادا کریگا جبکہ دیگر جماعتوں کے قائدین کا بھی کہنا تھا کہ اس بیان سے دونوں ملکوں کے درمیان مسئلہ کشمیر پر پائے جانےوالے اختلافات میں کمی آئےگی اور تعلقات کی بہتری میں بھی مدد ملے گی۔