|
اردو ٹائمز(نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گندم کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر اس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس مقصد کے لئے معیاری بیج کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور صوبہ میں گندم کے مقررہ ہدف 20 ملین ٹن کے حصول کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے توانائی کی کمی سے نمٹنے‘ زرعی پیداوار میں اضافے‘ کسانوں کو توانائی کی فراہمی میں تسلسل برقرار رکھنے اور شمسی توانائی کے حصول کے لئے فوری اقدامات کرنے اور پائلٹ پراجیکٹ کے تحت ابتدائی طور پر کچھ ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی کی مدد سے چلانے کی بھی ہدایت کی۔ وہ گذشتہ روز یہاں زرعی شعبہ کی بہتری‘ زرعی پیداوار میں اضافہ‘ کھادوں و معیاری بیجوں اور کاشتکاروں کو ضروری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری خوراک و زراعت‘ چیف سیکرٹری پنجاب‘ صوبائی سیکرٹری زراعت اور سیکرٹری خوراک نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی اور زرعی پیداوار میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ اس لئے حکومت کسانوں کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت کسانوں کو سبسڈی کے ذریعے ٹریکٹر فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی کوالٹی کو بہتر بنانے اور فی ایکٹر پیداوار میں اضافہ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ اس ضمن میں معیاری بیجوں کی فراہمی ناگزیر ہے اس لئے کسانوں کو معیاری بیج کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخ اور لوڈ شیڈنگ زرعی پیداوار میں کمی کی ایک بڑی وجہ ہے۔ زرعی مقاصد کے لئے سولر انرجی کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے چیف سیکرٹری کو اس ضمن میں جامع حکمت عملی مرتب کر کے کچھ ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی کے ذریعے چلانے اور بعد ازاں اس کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی امدادی قیمت میں حالیہ اضافے کے بعد عام آدمی کو اس کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے موثر نظام وضع کیا جائے۔ حکومت پنجاب نے پہلے بھی اس مقصد کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں اور عوام کو سبسڈی کے ذریعے سستا آٹا فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے چیف سیکرٹری کو درآمد شدہ گندم کے کوٹے سے پنجاب کے لئے مختص تقریباً پانچ لاکھ ٹن گندم فوری طور پر صوبے میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے کے ایڈیشنل سیکرٹری کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ پنجاب کے کوٹہ کی گندم کو بروقت لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی نئی فصل آنے سے قبل کسی بھی قسم کی ممکنہ گندم کی کمی سے نمٹنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو نہ صرف گندم کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے بلکہ ذخیرہ اندوزوں کی بھی حوصلہ شکنی ہو۔ انہوں نے اس مقصد کے لئے وفاقی سیکرٹری خوراک و زراعت کو بروقت موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے وفاقی حکومت کے زرعی ماہرین کی خدمات سے بھی بھرپور استفادہ کیاجائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امسال صوبہ میں چاول کی ریکارڈ پیداوار متوقع ہے۔ اس لئے چاول کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ کاشتکار کو اس کی محنت کا پھل مل سکے۔ قبل ازیں وفاقی سیکرٹری خوراک و زراعت ضیاءالرحمن نے اجلاس کو گندم کی امدادی قیمت‘ ملک میں موجودگندم کے سٹاک‘ گندم کی درآمد‘ یوریا و ڈی اے پی کھاد کی دستیابی سمیت مختلف امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ سال گندم کی پیداوار میں بھرپور اضافے کے لئے ”زیادہ گندم اگاﺅ مہم“ شروع کی جائے گی۔ انہوں نے زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے جامع سفارشات بھی پیش کیں۔ صوبائی سیکرٹری زراعت نے اس موقع پر بتایا کہ کسانوں کو معیاری بیج کی فراہمی کے لئے پہلے ہی موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی سیکرٹری خوراک نے اجلاس کو بتایا کہ صوبہ بھر میں آٹے کی کوئی قلت نہیں اور ہر جگہ آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبہ سرحد اور بلوچستان کو بھی آٹا فراہم کر رہی ہے۔
|
|