اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Sun, 07 Sep 2008 08:11:00

جمہوریت کی فتح کی بنیاد چیف جسٹس کے انکارنے رکھی:وکلا

جمہوریت کی فتح کی بنیاد چیف جسٹس کے انکارنے رکھی:وکلا

اردو ٹائمز(نیوز) پاکستان سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور ممتاز وکیل رہنماء جسٹس ریٹائرڈ طارق محمود نے کہا کہ آج اگر یہ کہا جا رہا ہے کہ جمہوریت کی فتح ہوئی ہے تو اس بات کا بھی اعتراف کیا جانا چاہیے کہ اس کی بنیاد نو مارچ کو چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کے انکار کے بعد وکلا ء اور سول سوسائٹی کی تحریک پر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم بطورصدر آصف زرداری کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن کہیں بہتر ہوتا کہ وہ اس منصب کے سنبھالنے سے پہلے آزاد عدلیہ کا خواب شرمندہ تعبیر کرتے اور آج انہیں اگر مگر کہنے کی ضرورت پیش نہ آتی۔ سینئر تجزیہ کار حسن عسکری نے کہا کہ نومنتخب صدر کو عوامی اور پارلیمانی تائید کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خارجہ پالیسی کے شعبے میں، سرحد میں ہونے والی بیرونی مداخلت کے تناظر میں دلیرانہ فیصلے کرنا چاہئیں تاہم انہوں نے کہا کہ اس مےں کسی بڑی تبدیلی کی توقع نہیں رکھتے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے سابق فوجیوں کے فورم کے ایک نمائندے کی حیثیت سے کہا کہ جمہوری صدر کا انتخاب کسی ایک سیاسی جماعت کی کوششوں کا نتیجہ نہیں بلکہ پرویز مشرف کو اقتدار چھوڑنے پر مجبورکرنے میں سول سوسائٹی، سابق فوجی عہدیداروں، وکلا اور سیاسی کارکنوں کا بڑا کردار ہے۔ سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے سابق صدر اور وکلاءتحریک کے مرکزی رہنماء منیر اے ملک نے کہا کہ معزول ججوں کی بحالی کے حوالے سے وکلاءکا اصولی موقف تبدیل نہیں ہوا اور اگر ملک میں اسٹیبلشمنٹ کی سیاست چلتی رہی تو پھر حالات میں تبدیلی کی توقع نہیں ہوسکتی۔ منیر اے ملک نے کہا کہ ملک میں اعتماد کا بحران ہے جس طرف حکومت کو دھیان دینا ہوگا۔ ابھی تک پارلیمان نے اپنی بالادستی کے حصول کے لیے کوئی آزادانہ کردار ادا نہیں کیا۔ آصف علی زرداری کو خود فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا وہ واقعی سترہویں آئینی ترمیم یا صدر کے اختیارات واپس کرنا چاہتے ہیں؟ اے ایف پی کے مطابق تجزیہ نگاروں کے مطابق پاکستان کی طاقتور فوج کے نومنتخب صدر آصف علی زرداری پر اس طرح کا دباﺅ ڈالنے کا کوئی امکان نہیں ہے جیسا کہ اس نے زرداری کی شہید اہلیہ بینظیر بھٹو پر ڈالا تھا اور دو بار ان کی حکومت کو برطرف کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ریٹائرڈ جنرل طلعت مسعود کے مطابق فوج نے اب موجودہ سیاسی حقیقتوں اور قیادت کے ساتھ باہم ملکر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فوج کو اس بات کا احساس ہوگیا ہے کہ سیاست میں اس کی مداخلت کسی طرح بھی ان کے ادارے اور ملک کے مفاد میں نہیں ہوگی۔







  
     © 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of   Publications

sponsors: air purifier