اردو ٹائمز(نیوز) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو کہ خطہ میں امن قائم رکھنے کی خاطر کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھے گا جبکہ جرمنی دہشت گردی سے نمٹنے کی خاطر چھوٹے ہتھیاروں کی فراہمی کے لئے اپنی ایکسپورٹ پالیسی پر نظرثانی کرے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد افضل طاہر اور جرمنی کے وزیر دفاع فرانز جوزف جنگ سے وزیراعظم ہاﺅس میں ہونے والی الگ الگ ملاقاتوں میں کیا۔ جرمن وزیر دفاع سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمہ کے حوالے سے پرعزم ہے پاکستانی عوام خاص کر قبائلی عوام اس جنگ میں حکومت کے ساتھ ہیں تاہم اتحادی افواج کی جانب سے پاکستانی علاقوں میں حملے عام عوام خاص کر متاثرین میں دہشت گردوں کے لئے ہمدردی پیدا کر سکتے ہیں۔ جرمن وزیر دفاع نے اس موقع پر کہا کہ جرمنی دہشت گردی کیخلاف حکومت پاکستان کی پالیسی کی حمایت کرتا ہے اور اسے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا جبکہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ دفاع کے شعبہ میں تعلقات کو وسعت دینے پر بھی غور کرے گی۔ پاک بحریہ کے سربراہ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی پالیسی پرامن مقاصد پر مبنی ہے۔ انہوں نے سمندری ریاستوں کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں محفوظ رکھنے کے لئے پاک بحریہ اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ایڈمرل افضل طاہر نے وزیراعظم کو حمزہ آبدوز کو پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کرنے کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔