اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Fri, 25 Jul 2008 09:34:00

وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلا امریکی دورہ

وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلا امریکی دورہ

اردو ٹائمز(نیوز) وزیراعظم سیدیوسف رضا گیلانی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد امریکہ کے پہلے تین روزہ سرکاری دورے پر آج( ہفتہ کو ) اسلام آباد سے امریکہ روانہ ہونگے ۔تفصیلات کے مطابق اپنے تین روزہ دورے کے دوران وہ امریکی صدر جارج ڈبلیو بش سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرینگے۔ وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے دوران وہ پاک امریکہ تعلقات ، دہشتگردی کیخلاف عالمی جنگ ، خطے میں قیام امن ، علاقے میں سلامتی اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کرینگے ۔ اس ضمن میں ذرائع کا کہنا تھا کہ حکمران اتحاد کے حالیہ اجلاس کے بعد وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے دورہ امریکہ کا ایجنڈا تیارکرلیا گیا ہے اور اسی ایجنڈے پر ہی امریکہ کے ساتھ بات چیت کی جائیگی ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران امریکی قیادت کو عسکریت پسندوں اور جنگجوﺅں کیخلاف جاری آپریشن اور سرحدی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کرینگے ذرائع کا کہنا تھا کہ اس موقع پر وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی دینی مدارس کے نظام میں بھی اصلاحات کے حوالے سے بھی پاکستانی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے انہیں آگاہ کرینگے جبکہ امریکی صدر جارج ڈبلیو بش سے بھی وزیراعظم کی ون ٹو ون ملاقات بھی ہوگی ۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شیری رحمان اور مشیربرائے داخلہ رحمان ملک وزیراعظم کے ہمراہ امریکہ جائینگے جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جو ان دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں واشنگٹن میں پاکستانی وفد میں شامل ہوجائینگے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم امریکہ پہنچنے سے قبل ایک روز لندن میں بھی قیام کرینگے جہاں ان کی ملاقات حکومتی اتحاد میں شامل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف سے بھی متوقع ہے اور اس متوقع ملاقات میں وہ (ن) لیگ کے قائد کو اپنے دورہ امریکہ کے حوالے سے بھی اعتماد میں لینگے








© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications


sponsors: air purifier