امریکہ بھارت معاہدے سے طاقت کا توازن بگڑ سکتا ہے:پاکستان
امریکہ بھارت معاہدے سے طاقت کا توازن بگڑ سکتا ہے:پاکستان
اردو ٹائمز(نیوز) پاکستان نے بھارت اور آئی اے ای اے کے درمیان ایٹمی ایندھن کی فراہمی کے ممکنہ معاہدے کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایٹمی ایندھن تک بھارتی رسائی میں اضافہ سے خطے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ شروع ہو سکتی ہے۔ جس سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑ سکتا ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکومت پاکستان نے یہ خط 18 جولائی کو آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز اور نیوکلیئر سپلائرز گروپ سمیت 60 ممالک کو لکھا ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق انہیں یہ خط آئی اے ای اے کے ہیڈ کوارٹر سے ملا ہے جس میں ممکنہ معاہدے کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بھارت کی غیر فوجی ایٹمی تنصیبات کے معائنے کے تحفظ کے مطابق آئی اے ای اے بورڈ سے منظوری ایٹمی دوڑ کو روکنے میں معاون ثابت نہیں ہوگی۔ اس معاہدے سے ایٹمی عدم پھیلا¶ کی کوششیں متاثر ہوں گی۔ دریں اثناء امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق یکم اگست کو ہونے والے 35 ممبران پر مشتمل آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں پاکستان اس معاہدے کی مخالفت کرے گا جس کی منظوری دی جانے والی ہے۔ آئی اے ای اے اس معاہدے کا مسودہ 7 جولائی کو ممبر ممالک میں تقسیم کر چکا ہے۔ واضح رہے کہ اس معاہدے سے بھارت کو نیوکلیئر سپلائیرز گروپ سے قانونی طور پر ایٹمی ایندھن کے حصول کا حق مل جائے گا۔