اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Mon, 21 Jul 2008 10:17:00

100 دنوں میں اتحاد ی حکومت ناکام ہو گئی:جماعت اسلامی

100 دنوں میں اتحاد ی حکومت ناکام ہو گئی:جماعت اسلامی

اردو ٹائمز(نیوز) جماعت اسلامی نے قرار دیا ہے کہ 100 دنوں میں حکمران اتحاد کی حکومت ناکام ثابت ہوئی ہے۔ جماعت اسلامی صوبہ پنجاب کے تمام اضلاعی ہیڈکوارٹروں پر ہر جمعہ کو یوم احتجاج منائے گی۔ ملک میں بحران اس لئے جاری ہے کہ مشرف کے دور آمریت کی پالیسیوں کو تبدیل نہیں کیا گیا۔ غیرپارلیمانی اور غیرجمہوری طریقے سے فیصلے پارلیمنٹ سے باہر کئے جا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود بے نظیر بھٹو کے المناک قتل کی تحقیقات ملکی سطح پر نہیں کی جا رہی اور نہ ہی اقوام متحدہ کی سطح پر تحقیقات کے سلسلے میں کوئی پیشرفت ہوسکی ہے۔ تیل کی قیمتوں میں 100 دنوں میں چار مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے حالانکہ عالمی منڈی میں تیل کی فی بیرل قیمت 147 ڈالر سے کم ہو کر 132 ڈالر ہوگئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ‘ سید احسان اللہ وقاص‘ وقاص جعفری‘ فاروق چوہان اور فرحان نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک میں اقتصادی بحران بدترین شکل اختیار کرگیا ہے اور حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز پر دی جانیوالی نام نہاد ریلیف بھی ختم کردی ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ کےمطابق پاکستان دنیا کی 10 ناکام ترین ریاستوں کی فہرست میں شامل ہوچکا ہے۔ حکومت کے تمام تر دعوﺅں کے باوجود بجلی کا بحران مزید شدید ہوگیا ہے لیکن حکومت کوئی متبادل پروگرام نہیں دے سکی۔ بدامنی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور قتل و غارت گری کے علاوہ اغواءبرائے تاوان کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ جج بحال کئے گئے نہ صدر پرویز مشرف کا مواخذہ کیا گیا اور نہ ہی آرٹیکل 6 پر عملدرآمد ہوا ہے جو کہ خالصتاً وفاقی حکومت کی صوابدید ہے۔ قبائلی علاقوں میں بیرونی ہاتھ سوچی سمجھی سازش کے تحت افواج پاکستان کو دلدل میں دھکیل رہا ہے تاکہ پاکستان امریکہ کیلئے تر نوالہ بن جائے۔ جرگہ اور قبائل کو حکمران اتحاد اعتماد میں لینے میں ناکام رہا ہے۔ بلوچستان میں فوجی آپریشن جاری ہے اور صوبہ سرحد ے اضلاع میں بھی فوجی طاقت کا استعمال جاری ہے۔ ہزاروں لاپتہ افراد کو حکومت تاحال بازیاب نہیں کرسکی ہے۔ سٹاک ایکسچینج کئی مرتبہ کریش ہوا ہے۔ 2005ءمیں سٹاک ایکسچینج کریش ہونے کے واقعہ کی موجودہ حکومت نے انکوائری کروائی اور نہ ہی موجودہ کریش پر انکوائری کی جا رہی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ سابقہ اور موجودہ حکمران سٹاک ایکسچینج کی بڑی مچھلیوں کے سرپرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی‘ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے باعث جماعت اسلامی نے ہر جمعہ کو ضلعی ہیڈ کوارٹروں پر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج اس لئے کیا جائیگا تاکہ حکمران اندرونی اور بیرونی دباﺅ سے باہر نکلیں اور پارلیمانی نظام کو بڑے نقصان سے بچایا جائے۔ حکمران اتحاد کو سمجھ لینا چاہئے کہ ان کی مہلت کا عمل سمٹ رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وکلاءکی 14 اگست کی ڈیڈلائن کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ وکلاءکے ساتھ غیرمشروط تعاون جاری رہیگا۔ 26 جولائی کو چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے بہاولپور آمد کے سلسلے میں ملتان ائرپورٹ اور ملتان سے بہاولپور تک ان کا والہانہ استقبال کیا جائیگا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اے پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس 28 جولائی کو اسلام آ باد میں ہوگا۔







  کھیل

 تازہ ترین

 اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications