|
اردو ٹائمز(نیوز)وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دشمن ہمیں اپنے بنیادی نظریہ سے ہٹائے بغیر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتا ۔اس لئے وہ ملک میں نت نئے لبادوں میں نئی نئی اصلاحات اور نظریات متعارف کروانے میں کوشاں ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ دشمن اپنے ناپاک مقاصد اور عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا اور دنیا کی کوئی طاقت ہمیں زیر کرنا تو درکنار‘ ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرا¿ت نہیں کرسکتی۔ وہ گزشتہ روز ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام نظریاتی سمر سکول کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے نظریہ پاکستان فاﺅنڈیشن کے چیئرمین مجید نظامی اور ڈاکٹر رفیق احمد نے بھی خطاب کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض شاہد رشید نے انجام دئیے۔ تقریب میں مشیر داخلہ رحمان ملک‘ وزیر امور کشمیر نجم الدین خان‘ قومی سلامتی کے مشیر محمود علی درانی‘ ڈاکٹر جاوید اقبال‘ میاں عزیز الحق قریشی‘ سنیٹر نعیم چٹھہ‘ مجیدہ وائیں‘ جمشید ترین‘ عزیز الرحمن چن‘ زکریا بٹ‘ سراج شمس الدین اور خالد سلطان بھی موجود تھے۔ یوسف رضا گیلانی نے فاﺅنڈیشن کو ایک انمول اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نسل نو میں پاکستانیت کا جذبہ پیدا کرنے‘ قومی وحدت کو فروغ دینے اور اس اسلام کے اصولوں پر مبنی اس سماجی‘ معاشی اور سیاسی نظام کے قیام کیلئے کوشاں ہے جس کا وعدہ تحریک پاکستان کے دوران برصغیر کے مسلمانوں سے کیا گیا تھا اور جس کی خاطر انہوں نے قربانیوں کی تاریخ رقم کی تھی۔ میں اپنی حکومت کی جانب سے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کو ہرممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔ انہوں نے اس موقع پر جوہر ٹاﺅن میں ٹرسٹ کو الاٹ شدہ زمین پر ایوان قائداعظم کی تعمیر کیلئے 10کروڑ کی گرانٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ انشاءاللہ میں اس کا سنگ بنیاد خود رکھوں گا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں حضرت قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ہمارے آباﺅ اجداد نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دیکر ہمارے لئے سب سے بڑی اسلامی مملکت حاصل کی اور اسی قیادت نے اس دور کی سپرپاور برطانیہ کو ببانگ دہل للکارا۔ اس نظریہ کی بنیاد دین اسلام پر تھی۔ حق و صداقت پر مبنی یہ نظریہ اتنا طاقتور اور پرکشش تھا کہ برصغیر کے دوردراز گوشوں میں بسنے والے حضور اکرم کے پیروکار پروانہ وار ان کے گرد جمع ہوتے گئے اور ایک منتشر ہجوم ایک قوم کی شکل اختیار کرگیا جس نے ایک آزاد وطن حاصل کرکے دم لیا۔
|
|