|
اردو ٹائمز(نیوز) امریکی کانگرس مین جیری نڈلر نے کہا ہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے ملک میں آئین کی پامالی آزاد عدلیہ کی معزولی اور اپنے ہی ملک کی سالمیت کو جتنا نقصان پہنچایا ہے۔ ڈیمو کریٹک پارٹی اس کی پرزور مذمت کرتی ہے اور بش انتظامیہ کے لئے بھی باعث شرم ہے کہ وہ مسلسل پرویز مشرف کی حمایت کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیمو کریٹک پارٹی کے نیویارک کے اہم عہدیدار اور پاکستان پیپلزپارٹی نیویارک کے صدر سرور چودھری کی جانب سے منعقدہ ڈیمو کریٹک فنڈ ریزنگ ڈنر کی تقریب میں کیا۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پرویز مشرف نہ تو پاکستان کے لئے اور نہ ہی امریکہ کے لئے بہتر ثابت ہو سکتے ہیں۔ میں نے کانگرس کے فلور پر کئی بار کہا ہے کہ بش انتظامیہ مشرف کی حمایت چھوڑ رہے جس نے آئین کو توڑنے کا بڑا جرم کیا ایسا شخص نہ تو پاکستانی عوام کا رہبر ہو سکتا ہے نہ ہی امریکہ کے لئے سود مند بلکہ بش کو چاہئے کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور پاکستان کی جمہوری پارٹیوں کے ساتھ تعلقات بہتر بنائیں۔ اسی میں امریکی مفاد وابسطہ ہے۔ ایک ریٹائرڈ جرنل پاکستان کا خیرخواہ نہیں ہو سکا وہ امریکہ کا تابعدار کیسے ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اگر بینظیر کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جاتی تو ان کی موت واقع نہ ہوتی حکومت نے ان کی زندگی بچانے کے لئے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے کہاکہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار اوباما کا پاکستان پر حملے کرنے کا بیان ہماری پارٹی کی پالیسی نہیں ہے لیکن میں آپ کو اتنا بتا دوں کہ ایک دفعہ ڈیمو کریٹک پارٹی کو اقتدار میں آنے دیں حالات بہتر ہو جائیں گے ہم کبھی بھی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہےں کریں گے بلکہ ہمارا پہلا قدم مشرف کی حمایت ختم کرنے کا اعلان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بش انتظامیہ نے پوری دنیا میں امریکی ساکھ کو ملیامیٹ کرکے رکھ دیا ہم دوسروں پر تنقید تو ضرور کرتے ہیں لیکن ہمیں اپنے گریبان میں بھی جھانکنا چاہئے۔ ایک طرف ہم آزادی کے چیمپئن بنتے ہیں دوسری طرف دوسرے ممالک پر جنگ مسلط کرکے جمہوریت اور آزادی کی دھجیاں بکھیرتے ہیں اور انسانی جانوں سے کھیلتے ہیں ۔ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ بش انتظامیہ اس قدر گھٹیا حرکات کریگی اور پوری دنیا میں امریکہ کو یوں بدنام کریگی ہم ایک طرف آزادی اور جمہوریت کی تذلیل کرتے ہیں اور اگلے 30 سال تک ہم اسی قوم سے معافی مانگتے ہیں۔ دوسری جنگ عظیم کے دوران جو سلوک ہم نے امریکن نژاد جاپانیوں کے ساتھ کیا تاریخ اسے کبھی فراموش نہیں کرے گی بش اپنی طاقت کا ناجائز استعمال کررہے ہیں۔ القاعدہ اور طالبان کے معصوم لوگوں کو جیلوں میں بند کرکے ان کے ساتھ انسانیت سوز کھیل کھیل رہے ہیں۔ بش اصل میں امریکی قوم سے غداری کر رہے ہیں جس طرح بش اپنی قوم سے غداری کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ عراق میں فوجیں اتارنا بش انتظامیہ کا غلط فیصلہ تھا ہم نے اس کی پرزور مخالفت بھی کی تھی۔ ہم عراق سے اب فی الفور فوج واپس نہیں بلا سکتے اگر ایسا ہوا تو وہاں فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ سکتے ہیں۔ مگر ہم نے عزم کر رکھا ہے کہ عراق سے جتنی جلد ہو سکے امریکی افواج کو واپس بلایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بش بھارت کو نوازنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ ڈیمو کریٹک پارٹی بھارت کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی مخالفت کر رہی ہے۔ بھارت نے پہلے ہی ایٹمی دھماکے کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں کی ہیں ہم ہرگز یہ نہیں چاہتے کہ بھارت کو ایٹمی ایندھن دیکر پورے خطے کو خطرے میں ڈال دیں۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن اوورسیز کے نائب صدر ڈاکٹر خالد لقمان کے ایک سوال کے جواب میں کانگریس چیری نڈلر نے کہاکہ ہماری پارٹی نے تہیہ کر رکھا ہے کہ ہماری حکومت آنے کے بعد پاکستان میں جمہوری پارٹیوں کی حمایت کی جائیگی اور آمر کی حمایت نہیں کی جائے گی۔
|
|