اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Thu, 17 Jul 2008 11:02:00

زرگری اور دوآبہ میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پربمباری، کرفیو جاری، پیواڑ میں مذاکرات کے بعد فائر بندی

زرگری اور دوآبہ میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پربمباری، کرفیو جاری، پیواڑ میں مذاکرات کے بعد فائر بندی

اردو ٹائمز(نیوز) ہنگو کے علاقے زرگڑی اور تورہ اوری میں سکیورٹی فورسز کی شدت پسندوں کیخلاف کارروائی جاری ہے اور شدت پسندوں کے بعض ٹھکانوں پر فورسز نے کنٹرول حاصل کرلیا ہے جبکہ کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے پیواڑ میں چار ماہ سے جاری جھڑپیں جرگے کی کوششوں سے عارضی طور ر بند ہوگئی ہیں اورقبائل نے پانچ روز کیلئے عارضی فائر بندی کا بھی اعلان کیا ہے ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق ہنگو کے علاقے دوآبہ اورزرگری میں پولیس اور ایف سی پرحملوں کے بعد شدت پسندوں کیخلاف شروع کی گئی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو توپ خانوں سے بھی نشانہ بنایا جبکہ گن شپ ہیلی کاپٹر بھی استعمال کئے گئے تورہ اوری اور زرگری کے علاقے میں تازہ کارروائی میں مزید پانچ افراد زخمی ہوگئے ہیں علاقے میں گزشتہ روز جاری کارروائی میں اب تک ایک شخص ہلاک اور بیس زخمی ہوئے ہیں تورہ اری اور زرگری کے علاقے میں سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانوں پر قبضہ کرلیا ہے اور پیش قدمی جاری ہے دوآبہ میں آٹھویں اورہنگو بازار میں دوسرے روز بھی کرفیو نافذ رہا ہنگو ٹل روڈ آمدورفت کے لیے بند ہے حکام نے ہنگو سٹیڈیم اورعلاقہ بگٹو میں پرائمری اور ہائی سکول میں تین ریلیف کیمپ قائم کردیئے ہیں جہاں نقل مکانی کرنے والوں کیلئے رہائش کا انتظام کیا گیا ہے دریں اثناءکرم ایجنسی کے سرحدی علاقے پیواڑ میں چار ماہ سے جاری جھڑپیں جرگے کی کوششوں سے عارضی طورپر بند ہوگئی ہیں اور قبائل نے جرگہ کے ساتھ مذاکرات کے بعد پانچ روز کے لیے عارضی فائر بندی کا اعلان کیا ہے پولیٹیکل حکام کے مطابق کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے پیواڑ میں چار ماہ سے جاری جھڑپیں بند کرانے میں جرگہ ممبران نے کامیابی حاصل کرلی ہے اور فریقین نے جرگہ ممبران کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد پانچ روز کے لیے عارضی طور پر فائر بندی کا اعلان کیا ہے جس کے بعد منگل اور طوری قبائل کے مابین پیواڑ کے علاقے میں جھڑپیں بند ہوگئیں ہیں پولیٹیکل حکام کا کہنا ہے کہ فائر بندی کے دوران مستقل فائر بندی اور علاقے میں دیر پا امن کے قیام کے لیے مذاکرات کا عمل جاری رکھا گیا ہے پیواڑ میں منگل اور طوری قبائل ایک دوسرے کیخلاف بھاری اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کررہے تھے جس سے جانی نقصان کے علاوہ متعدد گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے دوسری جانب کرم ایجنسی میں پشاور میں پارا چنار شاہراہ سمیت آمدورفت کے تمام راستے آٹھ ماہ سے بند ہیں جس سے اشیاءخوردونوشت کی قلت کے علاوہ تیل اور ادویات کا ذخیرہ بھی ختم ہوگیا ہے۔ریڈیو نیوز کے مطابق پاک افغان سرحد پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی چیک پوسٹ کا تنازعہ ختم کرنے کے لئے جرگہ ہوا۔ پاکستانی قبائل نے چوکی دس میٹر پیچھے لے جانے کا مطالبہ مسترد کر دیا۔ کرم ایجنسی کے علاقے گوئی سر میں ماڑہ جبہ چیک پوسٹ پر پاکستانی اور افغان حکومت کے مابین دیرینہ تنازعہ ختم کرنے پر تفصیلی مذاکرات ہوئے۔ افغان عمائدین نے سرحدی چیک پوسٹ دس میٹر پیچھے لے جانے کا مطالبہ کیا جس پر پاکستانی عمائدین نے واضح کیا کہ ماڑہ جبہ چیک پوسٹ پچاس سال پہلے پاکستانی علاقے میں ہی تعمیر ہوئی تھی اسے دس میٹر پیچھے لے جانے کا مطالبہ جائز نہیں۔ جرگہ کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا تاہم یہ طے ہوا ہے کہ چھبیس جولائی کو دوبارہ جرگہ بلایا جائے گا۔ ادھر خیبر ایجنسی کی وادی تیرہ اور مہمند ایجنسی کے علاقے خونیزئی میں دو گروپوں کے درمیان جھڑپوں میں مزید پانچ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ تیس افراد کو اغواءکرلیا گیا۔ خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں لشکر اسلام اور انصار الاسلام کے درمیان جھڑپیں بدستور جاری ہیں تازہ جھڑپوں میں مزید دو افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے۔ آن لائن کے مطابق مہمند ایجنسی میں بھی مقامی طالبان اور شاہ گروپ کے درمیان دوسرے روز بھی لڑائی جاری رہی‘ دونوں گروپوں میں لڑائی کے دوران 2 افراد جاں بحق ہو گئے اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ 21 افراد کو یرغمال بنا لیا گیا ہے۔ دونوں گروپ ایک دوسرے کے خلاف بھاری ہتھیار استعمال کر رہے ہیں جاں بحق ہونے والوں تحریک طالبان کا اہم کمانڈر نثار بھی شامل ہے اب تک لڑائی میں 3 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو چکے ہیں جبکہ دونوں گروپوں نے ایک دوسرے کے 21 افراد کو یرغمال بھی بنا لیا ہے۔ ادھر مقامی لوگوں نے لڑائی کے بعد نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ پولیٹکل انتظامیہ کے مطابق عمائدین کا جرگہ فائر بندی کے لئے بھجوا دیا گیا ہے۔


5 / 5 (1 Votes)





  کھیل

 تازہ ترین

 اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications


sponsors: air purifier