اردو ٹائمز(نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ہماری پیپلز پارٹی کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوچکی ہے اور ہم ایکدوسرے کےخلاف امیدوار کھڑے نہیں کریں گے۔ یہاں مستعفی وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کے موقع پر مریدکے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہا کہ ججوں کی بحالی کی تحریک میں ہم وکلاءکے ساتھ ہیں۔ تمام جج ضرور بحال ہونگے۔ اس موقع پر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی رانا نذیر حسین‘ پیر اشرف رسول شاہ‘ تنویر ناصر‘ خرم اعجاز چٹھہ‘ خرم گلفام اشرف‘ چودھری خضر ریحان‘ نائب صدر مسلم لیگ (ن) ضلع شیخوپورہ کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ایک سوال کے جواب میں میاں نوازشریف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری اب بھی چیف جسٹس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے قوم کو مہنگائی‘ بیروزگاری اور لاقانونیت کے تحفے دئیے ہیں جبکہ میرے دور میں ایسا نہ تھا اور عوام خوشحال تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مشرف صدر ہیں قوم کو ایسے تحفے ملتے رہیں گے۔ طالبان معاہدہ کے حوالہ سے میاں نوازشریف نے کہا کہ وہ وفاقی حکومت کا حصہ نہیں ہیں۔ یہ معاملہ وفاقی حکومت کے پاس ہے‘ وہ اس پر رائے نہیں دے سکتے۔قبل ازیں میاں نوازشریف کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ والد کی وفات کے بعد ہمارے خاندان میں بڑا خلاءپیدا ہوگیا ہے۔ میاں نوازشریف نے کہا کہ ہم سو سال کے بھی ہوجائیں مگر ہمیں ہر سطح پر والدین کی کمی کا احساس رہتا ہے۔ اس موقع پر ذوالفقار کھوسہ اور راجہ اشفاق سرور بھی موجود تھے۔