بے نظیر قتل کیس کی تفتیش اقوام متحدہ سے کرانے کے لئے درخواست تیار
بے نظیر قتل کیس کی تفتیش اقوام متحدہ سے کرانے کے لئے درخواست تیار
اردو ٹائمز(نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بے نظیر قتل کیس کی تفتیش اقوام متحدہ سے کرانے کے لئے درخواست تیار کرلی گئی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے نظیر قتل کیس کی اب تک ہونے والی تحقیقات پر شدید تحفظات ہیں۔ بے نظیر کا قتل عظیم المیہ ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے 5 مستقل ممالک کے نمائندوں سے بھی اس حوالے سے بات کی جائے گی۔ فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ اب تک پتہ نہیں چلا کہ بے نظیر کے قتل کے لئے کس نے فنانس کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے ملاقات کا وقت مانگ لیا ہے۔ اس ملاقات میں بے نظیر قتل کیس کے حوالے سے تمام امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کےلئے اقوام متحدہ سے عالمی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ عالمی کمیشن ہی اب بے نظیر قتل کیس کی تحقیقات کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تحقیقات کے لئے باضابطہ درخواست تیار کرلی گئی ہے۔ بے نظیر قتل کیس تحقیقات کی درخواست آئندہ ماہ امریکہ میں اقوام متحدہ کو حتمی طور پر پیش کر دی جائے گی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عوام کی خواہش ہے کہ بے نظیر قتل کیس کے اصل حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔ اقوام متحدہ سے تحقیقات کروانے کا مقصد اس جرم کے پس پردہ کرداروں کو عوام کے سامنے لانا ہے۔