|
اردو ٹائمز(نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی طرف سے سرحد پار دہشت گردی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے مابین پرامن فضاءخراب ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا نشانہ بنا ہے۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے بھارت سے تعاون کے خواہاں ہیں اور توقع ہے کہ بھارت بھی ایسا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی اخبار ”دی ہندو“ کو دیئے گئے انٹرویو میں کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگرچہ پاکستان اور بھارت کے مابین امن عمل کے ذریعے دونوں ملک ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں اور ایک دوسرے کے بارے میں بہتر سوچ پیدا ہوئی ہے۔ تاہم بھارت کی طرف سے سرحد پار دہشت گردی کے حالیہ الزامات سے فضاءخراب ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے متحدہ جہاد کونسل اور دیگر کالعدم تنظیموں کی پاکستان میں سرگرمیوں کے حوالے سے حالیہ تشویش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر مثبت انداز کے خواہاں ہیں۔ اس قسم کے الزامات اور بیانات سے فضاءخراب ہو گئی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا نشانہ بنا ہے۔ ہماری عظیم قائد محترمہ بے نظیر بھٹو شہید دہشت گردی کا نشانہ بھی بنیں۔ انہوں نے مردان میں حالیہ خودکش حملے میں انسانی جانوں کے ضیاع کا حوالہ دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے بھارتی شہر جے پور میں حالیہ بم دھماکوں کی نہ صرف مذمت کی تھی بلکہ میں نے اسے شدت سے محسوس کیا کہ اس میں معصوم جانیں ضائع ہو گئی ہیں۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کا خاتمہ چاہتا ہے۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے دوستوں اور اتحادیوں کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہمارے اچھے دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور رہیںگے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ہم بھارت کے ساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں اور توقع ہے کہ بھارت بھی ایسا ہی کرے گا
|
|