اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Tue, 20 May 2008 11:07:00

پاک بھارت مذاکرات، 99 بھارتی قیدیوںکی رہائی کا اعلان

پاک بھارت مذاکرات، 99 بھارتی قیدیوںکی رہائی کا اعلان

اردو ٹائمز(نیوز) بھارتی وزیر خارجہ پرناب مکھر جی کی پاکستان آمد کے موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ رحمان ملک نے جذبہ خیر سگالی اور پاک بھارت مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کےلئے پاکستانی جیلوں میں قید 99 بھارتی قیدیوں کو چوبیس مئی کورہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔پیر کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونےوالے بیان کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات کو دوستانہ اورحالیہ مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانا چاہتا ہے جبکہ پاکستان نے سرحدی حدود عبور کرنے والے 99 بھارتی قیدیوں کو غیر مشروط طور پر 24 مئی کو بھارت کے حوالے کرے گا۔جس کا مقصد پاک بھارت مذاکرات کو کامیاب بنانا ہے ۔بیان کے مطابق24 مئی کو جو 99 بھارتی قیدی رہا کئے جائیں گے ان میں سے 96 ماہی گیر جو پاکستان کی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے جبکہ تین سویلین قیدی ہیں۔ بیان کے مطابق بھارت نے پاکستان کی جیلوں میں قید ان 99 قیدیوں کی بھارتی شہری ہونے کی بھی تصدیق کرتے ہوئے پاکستان کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا تھا کہ ان تمام 99 بھارتی شہریوں کی شناخت ہو گئی ہے اور یہ تمام افراد بھارت کے مختلف شہروں کے رہنے والے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستانی جیلوں میں قید 96 بھارتی ماہی گیروں کو گزشتہ تین سالوں کے دوران سمندری حدود کی خلاف ورزی پر پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی نے گرفتار کیا تھا جبکہ تین بھارتی سویلین قیدی جنہیں 24 مئی کو رہا کیا جائے گا ان میں دہشت گردی کے الزام میں سزائے موت پانے والے بھارتی شہری سربجیت سنگھ کا نام شامل نہیں ہے۔ دریں اثناءوزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ رحمن ملک نے ان اطلاعات کی بھی تردید کی ہے کہ حکومت نے مغوی سفیر طارق عزیز الدین کی رہائی کے بدلے طالبان کے ایک گرفتار لیڈر و سابق افغان وزیر دفاع ملا عبید اللہ کو رہا کیا ہے مشیر داخلہ نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ طالبان کے گرفتار لیڈر ملا عبداللہ بدستور حکومت کی تحویل میں ہیں اور انہیں پاکستانی سفیر طارق عزیز الدین کی بازیابی کے بدلے رہا نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان کی رہائی کےلئے کسی سے کوئی مذاکرات کئے گئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ طارق عزیز الدین کی بازیابی سیکورٹی فورسز کی کارروائی کے ذریعے ہوئی ہے اور ان کی رہائی کے بدلے کوئی دہشت گرد پاکستان نے رہا نہیں کیا۔واضح رہے کہ آسٹریلوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی سفیر طارق عزیز الدین کے بدلے ملا عبید اللہ کو رہا کیا گیا ہے آسٹریلوی اخبار کا کہنا تھا کہ ملا عبیداللہ اور 12 طالبان کے بدلے میں طارق عزیز الدین اور 55 فوجیوں کو رہا کیا گیا ہے۔ اخبار نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ رہائی کے بعد ملا عبداللہ اپنے ٹھکانے پر پہنچ چکے ہیں جنہیں گزشتہ سال کوئٹہ سے گرفتار کیا گیا تھا اور وہ ملا عمر کے متعمد خاص سمجھے جاتے ہیں۔








© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications


sponsors: air purifier