اردو ٹائمز(نیوز) بیلجیم میں ریلوے ملازمین کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے جاری ہڑتال کے باعث اندرون و بیرون ملک ریلوے سروس بری طرح مفلوج ہو کر رہ گئی۔ غیرملکی خبررساں ادراے کے مطابق ٹرانسپورٹ حکام نے بتایا کہ ریلوے ملازمین کی جانب سے گزشتہ روز شروع کی گئی ہڑتال کے باعث عالمی ریلوے سروس بھی معطل کر دی گئی ہے جس میں فرانس‘ جرمنی اور ہالینڈ اور یورو سٹار کی برسلز اور لندن کے درمیان سروسز شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ ریلوے سروس معطل ہونے کے باعث ایئر فرانس نے اعلان کیا ہے کہ وہ ریلوے سروسز کی معطلی کے دوران برسلز اور چارلسن ڈیگا¶لی کے درمیان بس سروس کا آغاز کرے گی۔ واضح رہے بیلجیم میں ریلوے ملازمین نے تنخواہوں میں بھاری اضافے اور پنشن قوانین میں تبدیلی کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ ریلوے یونین نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو ہڑتال کا یہ سلسلہ مزید جاری رکھا جائے گا۔