|
اردو ٹائمز(نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے وزراءپنجاب حکومت کو عوامی خدمت کا مرکز بنا دیں اور حکومت کے تمام وسائل کا رخ عوام کے مسائل حل کرنے کی جانب موڑ دیں ۔ انہوں نے یہ باتیں پنجاب کابینہ کے مسلم لیگی اراکین سے کیں جنہوںنے وزیر اعلیٰ پنجاب سرداردوست محمد کھوسہ کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کے قائد سے ان کی رائیونڈ رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہبازشریف ، مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احسن اقبال ،مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر سردار ذوالفقارعلی خان کھوسہ او ر سپیکرپنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال بھی موجود تھے ۔جناب نوازشریف نے مسلم لیگی وزراءسے کہا کہ پنجاب میں عوام نے آپ پر جو اعتماد کیا ہے آپ کا فرض بنتا ہے کہ آپ اس پر پورا اتریں ۔ انہوںنے وزرا ءسے کہا کہ وہ نہ صرف اپنے دروازے عام شہریوں کے لئے کھلے رکھیں بلکہ جلد از جلد ایسی پالیسیوں کو اپنائیں جن سے عام شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت ہی نہ رہے ۔ انہوں نے مسلم لیگی وزراءسے کہا کہ آپ کی کارکردگی ایسی مثالی ہونی چاہیے کہ نہ صرف آپ کو ووٹ دینے والے اپنے فیصلے پر مطمن ہوں بلکہ دوسرے بھی آپ کی تقلید کرنے کی کوشش کریں۔ قائد مسلم لیگ(ن) محمد نوازشریف نے صوبائی وزراءکو اس امر کی بھی خصوصی تاکید کی کہ حکومت کا ایک ایک پیسہ عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کے لئے سرف ہواور وزراءکسی کو بھی عوام کے خون پیسنے کی کمائی کو ناجائز تصرف میں لانے کی اجازت ہرگز نہ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزراءمہنگائی کم کرنے ، آٹے چاول کی ارزاں نرخوں پر فراہمی اور عوام کو اچھی اور سستی ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کو بھی یقینی بنائیں ۔اس موقع پر تمام وزراءنے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا اور مستقبل کے لئے ان تجاویز پر بھی غور کیا گیا جن کے ذریعے عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے عمل کیاجائے گا۔ محمدنوازشریف نے خصوصی طور پر ہدایت کی کہ مسلم لیگی وزراءپارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں سے قریبی رابطہ رکھیں کیونکہ یہ عوام تک پہنچنے کا بہترین ذریعہ ہے اور پالیسیاں مرتب کرتے اور ان پر عملدارآمد کےلئے بھی مسلم لیگی عہدیداروں او ر کارکنوں کو شریک عمل کیاجائے ۔ اجلاس میںپنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی وزراء رانا ثناءاللہ خان ، میاں مجتبی ٰ شجا ع الرحمن ، چوہدری عبدالغفور خان ، احسان الدین قریشی ، ملک احمد علی اولکھ،ملک ندیم کامران ،کامران مائیکل کے علاوہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد ، جنرل سیکرٹری پنجاب مسلم لیگ (ن) راجہ اشفاق سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی پرویز رشید نے بھی شرکت کی ۔
|
|