|
اردو ٹائمز (نیوز)اے پی ڈی ایم کے مرکزی رہنماءلیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ججز کی بحالی کے معاملہ پر اے پی ڈی ایم کی قومی کانفرنس یکم جون کو اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی جس میں تمام سیاسی جماعتوں، وکلائ، سول سوسائٹی ، تاجروں اور طلباءکو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ آصف علی زرداری این آر او کے پابند ہونے کے باعث ججز کے معاملہ میں سنجیدہ نہیں ہیں،پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت قومی کانفرنس میں شرکت کرنا چاہتی ہے ، حکمران اتحاد قومی ایجنڈے پر عمل کرنے کی بجائے ذاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ اے پی ڈی ایم ججز کی بحالی کیلئے وکلاءکی تحریک میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے ہر کنونشن اور جلوس میں شریک ہو گی۔ اس بات کا اعلان انہوں نے آل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (اے پی ڈی ایم) کی مجوزہ قومی کانفرنس کا شیڈول طے کرنے کیلئے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد د صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس سے قبل کمیٹی کا اجلاس پیر کے روز اے پی ڈی ایم کے رہنماءلیاقت بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں اے پی ڈی ایم کی قومی کانفرنس کے انعقا د کیلئے یکم جون کی تاریخ کا علان کر دیا گیا ہے جبکہ مجوزہ کانفرنس جماعت اسلامی کے رہنماءاور سابق رکن قومی اسمبلی میاں اسلم کی رہائش گاہ پر منعقد کی جائے گی جس میں تمام سیاسی جماعتوں، وکلائ، سول سوسائیٹی ، تاجروں اور طلباءکو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اجلاس کے بعد لیاقت بلوچ نے کہاکہ عوام کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے سیاسی جماعتوں کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی جبکہ تمام عوامی مسائل کا حل ججز کی بحالی میں پوشیدہ ہے، ججز بحال نہ ہونے تک عوامی مسائل کا حل ناممکن ہے۔ اے پی ڈی ایم ججز کی بحالی کیلئے وکلاءکی تحریک میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے ہر کنونشن اور جلوس میں شریک ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ فوج کی سیاست میں مداخلت کے خاتمے کیلئے ہمیں ملک میں جمہوری اقدار کو فروغ دینا ہوگا جبکہ آٹھ سال ملک پر قبضہ کر کے اپنے مفادات کی تکمیل کیلئے کام کرنے والے آمر کا مواخذہ ہونا چاہیے۔
|
|