اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Mon, 19 May 2008 11:12:00

ہارس ٹریڈنگ کرنے والوں نے کچھ نہیں سیکھا: شجاعت ،بہنوں سے سبق سیکھیں: پرویزالٰہی

ہارس ٹریڈنگ کرنے والوں نے کچھ نہیں سیکھا: شجاعت ،بہنوں سے سبق سیکھیں: پرویزالٰہی

اردو ٹائمز (نیوز) پاکستان مسلم لیگ کی خواتین ارکان پنجاب اسمبلی نے اعلان کیا ہے کہ وہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں پارٹی کا مکمل طور پر ساتھ دیں گی اور فارورڈ بلاک کے ارکان کو دوپٹے اور چوڑیاں پیش کی جائیں گی تاکہ وہ بھی پارٹی میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کریں۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری پرویز الٰہی نے پارٹی سے ان کی وابستگی کے جذبہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو چار ماہ میں ہی احساس ہو گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ہی وہ واحد جماعت ہے جو واقعی ملک و قوم کی بہتری چاہتی ہے۔ وہ یہاں پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی زیر صدارت منعقدہ خواتین ارکان پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پچھلے چار ماہ میں ہی آٹا‘ گھی‘ چینی‘ تیل‘ پٹرول اور دالوں وغیرہ کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ سے لوگوں کی آنکھیں کھل گئی ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت کے دور میں بھی پٹرول‘ خوردنی تیل وغیرہ کی عالمی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا لیکن ہم نے کوشش کی کہ اس سے ہمارے عوام کم از کم متاثر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شراکت اقتدار کیلئے مارے مارے پھرنے والوں کو اس بات پر ضرور غور کرنا چاہئے کہ ان کی جماعت سے تعلق رکھنے والی خواتین کس قدر ثابت قدم ہیں۔ قبل ازیں خواتین ارکان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھی وفاداریاں تبدیل کرنے کیلئے طرح طرح کے لالچ دئیے گئے خوفزدہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ہم کسی صورت پارٹی ڈسپلن سے انحراف نہیں کریں گی اور ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کرنے والوں کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کرنے والوں نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا ہم عوام کی خدمت کیلئے سیاست میں آئی ہیں اور کسی صورت میں اپنے چند بھائیوں کی طرح جمہوری اصولوں سے انحراف نہیں کریں گی جنہوں نے صرف کرسی کے لالچ میں پارٹی سے وفاداری اور اخلاق کا دامن چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم فارورڈ بلاک کے ارکان کو چوڑیاں اور دوپٹے پیش کریں گی تاکہ انہیں یہ احساس دلائیں کہ وہ سیاست میں مردانگی سے دلیرانہ کردار کا مظاہرہ کریں‘ پارٹی میں ثابت قدم رہیں اور کسی لالچ یا دباﺅ میں نہ آئیں اور اس سلسلہ میں اپنی ان بہنوں سے رہنمائی لیں جو آج بھی پارٹی کے ساتھ کھڑی ہیں۔ اجلاس میں شرکت کرنیوالوں میں مسلم لیگ پنجاب خواتین ونگ کی صدر شاہانہ فاروقی‘ ارکان پنجاب اسمبلی نسیم لودھی‘ صبا صادق‘ ماجدہ زیدی‘ خدیجہ عمر‘ فرحانہ افضل‘ ڈاکٹر فائزہ اصغر‘ بشریٰ گردیزی‘ ثمینہ خاور حیات‘ آمنہ الفت‘ عائشہ جاوید‘ قمر عامر چودھری‘ زوبیہ رباب ملک‘ سامیہ امجد‘ انبساط حامد‘ آمنہ جہانگیر اور غزالہ فرحت شامل تھیں








© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications
sponsors: air purifier