اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Mon, 12 May 2008 15:25:00

ن لیگ کی وفاقی کابینہ سے علیحدگی کے باوجود پنجاب میں ق لیگ سے ملکر حکومت نہیں بنائیں گے:آصف زرداری

ن لیگ کی وفاقی کابینہ سے علیحدگی کے باوجود پنجاب میں ق لیگ سے ملکر حکومت نہیں بنائیں گے:آصف زرداری

 


اردو ٹائمز(نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے وفاقی کابینہ سے الگ ہونے کے باوجود پنجاب میں ق لیگ سے ملکر حکومت نہیں بنائینگے۔ ن لیگ کی خالی کردہ وزارتوں پر وزیر خزانہ کے سوا کوئی وزیر تعینات نہیں کرینگے۔ نواز شریف کے مقابلے میں راولپنڈی اور لاہور سے امیدوار نہیں کھڑے کئے جائینگے۔ معمولی اختلاف کو دور کرنے کی کوشش جاری رکھوں گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف کی پریس کانفرنس کے بعد آصف علی زرداری نے اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب میں مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کے ساتھ ملکر حکو مت نہیں بنائیں گے۔ انہوں نے واضح کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب میں مسلم لیگ ن کی مدد جاری رکھے گی اور پنجاب میں میاں نواز شریف کی حکومت نہیں گرائی جائے گی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ جن جن وزارتوں سے ن لیگ کے وزراءاستعفیٰ دینگے ان وزارتوں پر اپنا وزیر تعینات نہیں کرینگے البتہ ملک کی اقتصادی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے صرف وزارت خزانہ پر ایک وزیر کو لایا جائیگا کیونکہ بجٹ کی تیاری جاری ہے تاکہ بجٹ کے معاملات چلتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فوراً پاکستان آ کر ن لیگ کے قائد نواز شریف سے دوبارہ مذاکرات شروع کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ میرے اور ان کے درمیان کوئی بڑا اختلاف نہیں ۔ ججز کی بحالی بارے جو بڑے ایشوز ہیں ان پر اتفاق نہ ہوسکا صرف طریقہ کار پر اختلاف ہے۔ نوازشریف کی جانب سے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ نواز شریف کے مقابلے میں لاہور اور راولپنڈی میں پیپلز پارٹی کا امیدوار کھڑا نہیں کرینگے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ نواز شریف چاہتے ہیں کہ ہم پرویز مشرف کو کسی نہ کسی طریقے سے حکومت سے نکال دیں یا ان کے خلاف قومی اسمبلی میں عدم اعتماد میں قرارداد لیکر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے نواز شریف کو چار گھنٹے تک ان وجوہات سے آگاہ کیا ہے جن کی وجہ سے فی الحال ہم پرویز مشرف پر حملہ آور نہیں ہو سکتے اور ان سے یہ بھی کہاکہ ہے کہ ہمیں ہاتھ میں لٹھ لیکر پرویز مشرف کے پیچھے نہیں بھاگنا چاہیے بلکہ تھوڑا صبر کرنے کی ضرورت ہے لیکن نواز شریف کا موقف ہے کہ فوری پرویز مشرف کے ساتھ اعلان جنگ کیا جائے تاہم آصف علی زرداری نے آخر میں ایک بار پھر کہا کہ ججز کی بحالی پر ورہ دوبارہ میاں نواز شریف سے بات کرینگے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے وفاقی کابینہ سے الگ ہونے کی خبر سے یقیناً پیپلز پارٹی اورن لیگ کے سارے دشمن خوش ہونگے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ن لیگ اپوزیشن بنچز پر نہ جائے وہ اس حوالے سے نواز شریف و منانے کی کوشش کرینگے۔








© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications
sponsors: air purifier