اردو ٹائمز(نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ججوں کی بحالی میں تاخیر پر کابینہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔پارٹی کے سربراہ میاں نواز شریف نے اپنی جماعت کی مجلس عاملہ اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔ نواز شریف نے کابینہ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی حمایت جاری رکھیں گے اور اس کو غیر مستحکم کرنے کی ’سازشوں‘ کا حِصّہ نہیں بنیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بارے میں انہوں نے فیصلہ پیپلزپارٹی کی صوابدید پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر ججوں کو باہر نکال دیا اور ہم نہ جانے کون سے قانون کی تلاش میں ہیں ان کو بحال کرنے کے لیے (قہقہ)۔ ہمیں غیر قانونی کام کو سیدھا کرنا ہے اور غیر قانونی کام کو سیدھا کرنا چاہیے۔میاں نواز شریف نے کہا کہ ان کی جماعت نے صرف ایک بات پر پیپلز پارٹی کی حکومت میں شامل ہونے کی دعوت قبول کی تھی کہ ججوں کو بحال کیا جائے گا۔