اردو ٹائمز(نیوز) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ معزول ججز کوبحال کرانے کیلئے خون کے آخری قطرے تک جنگ لڑینگے سترہ مئی سے معزول چیف جسٹس سمیت تمام ججز کو بحال کرانے کیلئے ملک گیر تحریک کا آغاز کیا جائیگا عدلیہ کو بحال کرکے سانحہ بارہ مئی کی آزادانہ تحقیقات کروائی جائیں ان خیالات کااظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاﺅس کے سامنے اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی جانب سے نکالی گئی ریلی سے خطاب کے دوران کیا ریلی کا آغاز اسلام آباد کچہری سے ہوا جو پارلیمنٹ ہاﺅس آکر اختتام پذیر ہوئی ریلی میں کثیر تعداد میں وکلاء، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور دیگر مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی شرکاءنے سانحہ بارہ مئی کی آزادانہ تحقیقات کرانے معزول عدلیہ کو بحال کرنے اور صدر پرویز مشرف سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ریلی کی قیادت اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر ہارون الرشید ، لاہور ہائی کورٹ بار راولپنڈی بنچ کے صدر سردار عصمت اللہ نے کی اس موقع پر اعتزاز احسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معزول ججز کی بحالی کیلئے نہ تیس دن کی ضرورت تھی اورنہ ہی بارہ دن کی اس کیلئے وزیراعظم کی جانب سے ایک ایگزیکٹو آرڈر کی ضرورت تھی جو کہ ججوں کی رہائی کے اعلان کے ساتھ ہی جاری ہو جانا چاہیے تھا انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ جتنا پیچھے ہٹے گی سازشیں بڑھتی جائینگی انہوں نے کہا کہ جمہوریت کیخلاف ایوان صدر سے سازشیں ہورہی ہیں انہوں نے کہا کہ ججز کو بحال نہ کرنا پاکستان کے عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ زیادتی ہے انہوں نے کہا کہ ججز کی بحالی پر ڈیڈ لاک کو اتحادیوں کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت افسوسناک ہے کہ بارہ مئی کی ڈیڈ لائن بھی گزر گئی اورعدلیہ بحال نہیں ہوسکی انہوں نے سپریم کورٹ کی جانب سے میڈیا کو عدلیہ کے ایشو پر پروگرام کروانے سے روکنے کے فیصلہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا کہ وہ میڈیا کے ساتھ ہیں اورمیڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے سچ کا بول بالا کرنے کیلئے حق کا ساتھ دیا انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس حوالے سے بھی شرمناک ہے کہ گزشتہ سال اسی روز کراچی ایئرپورٹ پر چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو نظر بند کیا گیا اور کراچی شہر میں نادیدہ قوتوں کی جانب سے قتل عام کیا گیا جس کی آج تک انکوائری نہیں ہوسکی انہوں نے کہا کہ پی سی او ججز پر مشتمل سپریم کورٹ عوام کی خواہشات سے متصادم فیصلے کررہی ہے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد بار کے صدر ہارون الرشید نے کہا کہ آج کی ریلی کااولین مقصد گزشتہ سال بارہ مئی کو کراچی میں شہید کئے جانے والے لوگوں کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور ان کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کامطالبہ کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ہم ڈرنے والے نہیں اورججز کی بحالی کیلئے سپریم کورٹ بار کے صدر اعتزاز احسن کے احکامات کے مطابق دوبارہ سے ملک گیر تحریک چلانے کیلئے پرعزم ہیں سردار عصمت اللہ نے اس موقع پر کہا کہ گزشتہ سال اسی روز کراچی میں پچاس سے زائد لوگوں کو بیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا جس کی وجہ سے بارہ مئی ہماری تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا رہے گا انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پہلے دو ماہ میں ہی ججز کی بحالی کے وعدے سے مکر رہی ہے لیکن ہمارے حوصلے بلند ہیں اور کسی کو مطالبات کی منظوری تک بھاگنے نہیں دیا جائے گا اور معزول چیف جسٹس افتخار چوہدری سمیت تمام ججز کی بحالی کیلئے دوبارہ سے ملک گیر تحریک کا اعلان سترہ مئی کو کیا جائے گا