|
اردو ٹائمز (نیوز)معزول ججوں کی بحالی کے مسئلے پر حکمران اتحاد کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد امکان ہے کہ مسلم لیگ (ن) کل اسلام آباد میں ہونیوالے اپنے اجلاس میں وفاق میں وزارتوں سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کرے گی جبکہ دوسری طرف وفاق اور پنجاب میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان مخلوط حکومت سازی کی کوششیں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ججز بحال نہ ہونے کی صورت میں مسلم لیگ (ن) کل وفاقی کابینہ سے استعفے دے دے گی لیکن پیپلز پارٹی کے ساتھ ڈھیلا ڈھالا اتحاد برقرار رکھا جائے گا تاہم نواز شریف اصولوں کی خاطر پنجاب حکومت کی قربانی دینے کےلئے تیار ہیں‘ دوسری طرف ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کےلئے مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی کے نئے اتحاد کےلئے پس پردہ کوششیں شروع کر دی گئی ہیں‘پنجاب میں ن لیگ کے بغیر حکومت سازی کےلئے مخالفین کو صرف15سے 20 اراکین صوبائی اسمبلی کی ضرورت ہے جس کےلئے پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ق) کے فارورڈ بلاک کے ارکان کو بھی و اپس لانے کےلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مسلم لیگ(ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض نادیدہ طاقتیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اتحاد تڑوا کر پنجاب میں نیا کھیل کھیلنے کے چکر میں ہیں۔ ادھر پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ق) کے فارورڈ بلاک کے رہنما کرنل (ر) عباس چودھری کا کہنا ہے کہ نئی صورتحال میں فارورڈ بلاک کی اہمیت میں اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ ان کے ساتھ شامل 26ارکان اسمبلی کے بغیر کوئی بھی پنجاب حکومت میں نہیں بنا سکے گا۔ دریں اثناءانتہائی قابل اعتماد ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے حکومت سے علیحدگی کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے اور مسلم لیگی وزراءایک دو روز میں مستعفی ہونے کا اعلان کر دینگے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وزارتوں سے مستعفی ہونے کے بعد ایم کیو ایم کے نئے وزراءکو ان وزارتوں کے قلمدان دیئے جائینگے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف پر واضح کیا ہے کہ وہ اسمبلی میں قرارداد کے ذریعے ججوں کو بحال کرائیں گے لیکن اس میں مزید وقت درکار ہے جس پر میاں نواز شریف نے ان سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے اب بھی اپنا وعدہ پورا نہ کیا تو قوم ہم پر اعتماد کرنا چھوڑ دے گی اور ہمارا حال (ق) لیگ جیسا ہوگا-ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) 12مئی کو اپنی آئندہ حکمت عملی کا اعلان کرئے گی اور ممکنہ طور پر 12مئی سے15مئی کے درمیان مسلم لیگ(ن)کے وفاقی وزراءمستعفی ہوجائیں گے جبکہ پنجاب میں حکومت قائم رکھنے کے لیے مسلم لیگ(ن)جارحانہ جنگ لڑنے کا ارادہ رکھتی ہے‘مسلم لیگ(ن)کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف نے آصف علی زرداری اور ایوان صدر پر واضح کردیا ہے کہ مسلم لیگ(ن)کسی بھی صورت میں پنجاب حکومت سے دستبردار نہیں ہوگی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ(ن)نے پنجاب اسمبلی میں اراکین صوبائی اسمبلی کی مطلوبہ تعداد حاصل کرنے کے لیے کام شروع کردیا ہے-
|
|