ججوں کی بحالی کے لئے حکمران اتحاد کی دوسری ڈیڈ لائن ¾ قرارداد پیش کرنے کےلئے تاحال قومی اسمبلی کااجلاس نہ بلایاجاسکا
ججوں کی بحالی کے لئے حکمران اتحاد کی دوسری ڈیڈ لائن ¾ قرارداد پیش کرنے کےلئے تاحال قومی اسمبلی کااجلاس نہ بلایاجاسکا
اسلام آباد (آن لائن) 12مئی ، معزول ججوں کی بحالی کیلئے حکمران اتحاد کی جانب سے دی گئی دوسری ڈیڈ لائن، قرارداد پیش کرنے کیلئے تاحال قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلایا جا سکا۔مسلم لیگ ن نے ججز کی بحالی کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے قائدین کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار رہنے کی وجہ سے، وزارتوں سے علیحدگی پر مشاورت اور مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے سنٹرل ورکنگ کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج (پیر) اسلام آباد میں طلب کر لیا جس کی صدارت میاں نواز شریف خود کریں گے۔ ذرائع کے مطابق حکمران اتحاد میں شامل دوسری بڑی سیاسی جماعت مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین اور پارلیمینٹیرینز قیادت کو ججز بحالی کیلئے دوسی دفعہ دی گئی ڈیڈ لائن 12مئی آنے کے باوجود پیپلز پارٹی کی جانب سے ججز بحالی پر غیر سنجیدہ رویہ اپنانے اور قرارداد پیش کرنے کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلائے جانے پر پارٹی قیادت کو وزارتوں سے علیحدہ ہونے کا مشورہ دیں گے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن با عزت طریقے سے حکمران اتحاد سے الگ ہونے پر بھی غور کر سکتی ہے۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل سینیٹر ظفر اقبال جھگڑا نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو ججز کی بحالی کے حوالے سے ملنے والے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے ڈیڈ لائن پر پورا اترنا چاہیئے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا اتحاد توڑنے کے حوالے سے فی الحال کوئی لائحہ عمل طے نہیں کیا گیا جبکہ وزارتوں سے علیحدہ ہونے کے حوالے سے آج (پیر) سینٹرل ورکنگ کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے فروغ اور ملک کی بقاءکیلئے پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ ن کا اتحاد برقرار رہنا چاہیئے ۔