|
اردو ٹائمز (نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور وفاقی وزیرتعلیم احسن اقبال نے کہا کہ 18فروری کو پاکستانی قوم نے جنرل مشرف سے نجات کے لئے جمہوری قوتوں کو مینڈیٹ دیاتھالہذا جمہوری قوتوں کافرض ہے کہ وہ ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کے لئے عوام کی امنگوں کی روشنی میں اعلان مری اورمیثاق جمہوریت پران کی روح کے مطابق عمل کریں ۔ یہاں اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ قومی مفاہمت وقت کی ضرورت ہے لیکن مفاہمت کے نام پر جنرل مشرف کے مفادات کاتحفظ نہیں کیاجاسکتا پاکستانی قوم نے عدلیہ کی بحالی کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں لہذا جن ججوں نے 3 نومبر کے غیرآئینی ایمرجنسی کے آگے سرجھکانے سے انکارکیا وہ قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں اوران کی بحالی پوری قوم کی آواز ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) نے وزارتیں اپنے مقصد حاصل کی تھیں لہذا وہ اپنے اصولوں کو وزارتوں پرقربان نہیں کرے گی۔ مسلم لیگ(ن) کابینہ میں اسی شکل میں رہ سکتی ہے اگراعلان مری پر عمل درآمد کی ٹھوس یقین دہانی حاصل ہوجائے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ مخلوط حکومت کاٹوٹنا جمہوریت کے لئے دھچکا ہوگالہذا مسلم لیگ(ن) نے بھرپور کوشش کی ہے کہ وہ ججوں کی بحالی کے لئے قابل عمل حل تلاش کر سکے لیکن ایوان صدر کی طرف سے جمہوری عمل کے خلاف سازشوں کا سلسلہ جاری ہے مسلم لیگ(ن) ان سازشوں کاحصہ نہیں بن سکتی اوراپنے اصولوں کوکبھی قربان نہیں کرے گی۔
|
|