|
اردو ٹائمز (نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماﺅں کا عالمی دن (مدرز ڈے) منایا گیا۔ اس حوالے سے بڑوں، خواتین اور بچوں نے ماﺅں کو تحائف دیئے، محبت کا اظہار کیا اور انکا سایہ سروں پر ہمیشہ قائم رہنے کی دعائیں کیں۔ صوبائی دارالحکومت میں شہریوں نے گھروں میں مدرز ڈے مناتے ہوئے اپنی خصوصی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا جبکہ سول سوسائٹی کی تنظیموں نے ماں کے احترام اور انکی عظمت کےلئے واک کا اہتمام کیا، پرل کانٹیننٹل ہوٹل انتظامیہ نے اپنے ہاں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جس میں ماﺅں، بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس تقریب کی مہمان خصوصی مسلم لیگ (ق) کی رکن قومی اسمبلی کشمالہ طارق تھیں۔اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے انہوں نے ماﺅں کو تحائف بھی دیئے۔ تقریب کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کشمالہ طارق نے کہا کہ ماں ایک ایسی عظیم ہستی ہے جس کا دنیا میں کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا۔ میں آج جس مقام پرہوں اپنی ماں کی وجہ سے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے والدین خصوصاً والدہ کی خدمت کر کے جنت کے حقدار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر سیاسی گفتگو سے انکار کیا اور کہا کہ مدرز ڈے کے موقع پر ماﺅں کی عظمت اور ان سے پیار و محبت کے علاوہ دوسری کوئی بات نہیں کی جا سکتی۔
|
|