دارالحکومت خرطوم پر ڈارفور کے باغیوں کا حملہ ناکام ، حملوں کیلئے ہیلی کاپٹروں اور طیاروں کا استعمال
دارالحکومت خرطوم پر ڈارفور کے باغیوں کا حملہ ناکام ، حملوں کیلئے ہیلی کاپٹروں اور طیاروں کا استعمال
اردو ٹائمز(نیوز) سوڈان کا کہنا ہے کہ دارالحکومت خرطوم پر دار فور کے باغیوں کا حملہ ناکام ہو گیا اور دریائے نیل کے پار باغیوں کی پیش قدمی روک دی گئی۔ جبکہ خرطوم کے شمال میں سرکاری فوج اور ڈارفور میں باغیوں کے ساتھ زبردست جھڑپ کے بعد علاقے میں غیر معینہ مدت کیلئے کرفیو نافذ کردیا گیاسوڈان کی حکمران کانگریس کے سیکریٹری منظور المہدی نے قومی ٹیلی ویڑن پر خطاب میں کہا کہ خرطوم پر حملے کی کوشش چاڈ کی فوجی مدد کے بغیر ممکن نہیں تھی لیکن باغیوں کو دریائے نیل کے پار خرطوم کے جڑواں شہر امہ درمان کے نواح میں روک لیا گیا اور سوڈانی طیارے اور ہیلی کاپٹر فرار ہوتے ہوئے باغیوں پر حملے کر رہے ہیں۔امہ درمان اور خرطوم کے درمیان دریائے نیل ہے اور دونوں شہر ایک پل کے ذریعہ ملے ہوئے ہیں۔دوسری جانب لندن میں دار فور کی باغی تنظیم حرکتہ العمل والمساوات کے ترجمان نے دعوی کیا کہ ان کی افواج مسلسل آگے بڑھ رہی ہیں اور وہ سوڈان کے صدر عمر حسن البشیر کی حکومت کا تختہ الٹنا چاہتے ہیں جبکہ سوڈان کے صدارتی مشیر مصطفے عثمان اسماعیل نے کہا کہ خرطوم پر حملہ کرنے والے باغیوں کے ساتھ مذکرات نہیں کئے جاسکتے۔ادھر خرطوم میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور فوجی نقل وحرکت جاری ہے۔طیارے فضا میں پرواز کر رہے ہیں اور شہر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کے فائر کی آوازوں سے گونج رہا ہے۔ دریں اثناء سوڈانی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دارالحکومت کے شمال میں سرکاری فوج اور باغیوں کے درمیان مسلح جھڑپ ہوئی ترجمان نے کہا کہ باغیوں کا تعلق جے ای ایم نافی گروپ سے تھا جو ملک کے شمال میں سرکاری فوجیوں کیخلاف مزاحمت میں مصروف ہے باغیوں نے گزشتہ روز اچانک فوجی اہلکاروں پر حملہ کیا تاہم اسے ناکام بنا دیا گیا ترجمان نے حملے میں زخمی یا ہلاک ہونے والوں کے بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کیا ترجمان نے کہا کہ متاثرہ علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے