نواز شریف اگر امریکی توقعات پر پورا نہ اترے تو انہیں علیحدہ کر دیا جائے گا:حمید گل
نواز شریف اگر امریکی توقعات پر پورا نہ اترے تو انہیں علیحدہ کر دیا جائے گا:حمید گل
اردو ٹائمز (نیوز)آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر)حمید گل نے کہا ہے کہ نواز شریف اگر امریکی توقعات پر پورا نہیں اترتے تو انہیں علیحدہ کر دیا جائے گا حکومت امریکہ کے ساتھ کیا گیا معاہدہ قوم کے سامنے لائے اور سیاسی قائدین اپنا لائحہ عمل بھی واضح کریں امریکہ ہم سے حساب مانگ رہا ہے تو ہمیں بھی اپنی قربانیوں اور خدمات کا حساب لینا چاہیے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی نوازشریف کو واچ کر رہے ہیں اگر نواز شریف ان کی توقعات پر پورا نہ اتر ے تو انہیں علیحدہ کردیا جائے گا اس سے قبل لیاقت علی خان، ذو الفقار علی بھٹو ،بے نظیر بھٹو کو امریکہ نے انکار کرنے پر اپنے راستے سے ہٹا دیا ۔بے نظیر بھٹو نے تین نومبر کی ایمر جنسی کے بعدمعاہدے کی پاسداری نہیں کی تھی جس کی وجہ سے انہیں جان کی قربانی دینا پڑی اب پیپلز پارٹی کی قیادت معاہدے کے مطابق چل رہی ہے لیکن اگر انہوں نے بھی پاسداری نہ کی تو امریکہ انکو بھی ہٹا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر کا بیان ہماری پارلیمنٹ کے لئے لمحہ فکر یہ ہے صدر کا فیصلہ تو پارلیمنٹ نے کرنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے امریکہ کے ساتھ معاہدات سے بغاوت نہ کی تو قوم بغاوت کر دے گی اور امریکہ یہی چاہتا ہے کہ ملک میں خانہ جنگی ہو جائے فلسطین میں حماس نے دو تہائی اکثریت حاصل کی لیکن امریکہ نے محمود عباس کو قائم رکھ کر ان کی حکومت نہیں چلنے دی اس طرح وہ صدر مشرف کو قائم رکھنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ قوم کو مطالبہ کرنا چاہیے کہ امریکہ کے ساتھ معاہدات کو منظر عام پر لایا جائے اور یہ بھی واضح کیا جائے کہ ان معاہدات میں صدر مشرف کا پانچ سال تک صدر رہنا شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے لئے پاکستان نے دنیا میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں ہمیں بھی ان سے حساب لینا چاہیے امریکہ ہمارے لیڈروں کو قتل کروا دیتا ہے ہماری پارلیمنٹ کو چلنے نہیں دیتا ہماری فوج کو امریکہ اپنے مفادات کے لئے استعمال کر رہا ہے اگر امریکی ہم سے حساب پیسوں کا مانگتے ہیں تو ہمیں بھی اپنی خدمات اور قربانیوں کا حساب مانگنا ہوگا۔