سوات‘ ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق‘ 3 زخمی
سوات‘ ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق‘ 3 زخمی
اردو ٹائمز (نیوز)ات کی تحصیل کبل میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے جبکہ سرچ آپریشن میں سیکورٹی فورسز نے 20 شرپسندوں کو گرفتار کر لیا اور 2 عسکریت پسند کمانڈروں کے گھروں کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کبل کے علاقے اخوند کلے گاڈوٹاگئی شوڑہ میں سیکورٹی فورسز نے جمعہ کو علی الصبح شرپسندوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کیا تو شوڑہ کے علاقہ میں سڑک کے کنارے ریموٹ کنٹرول بم سیکورٹی فورسز کی گاڑی گزرنے کے دوران دھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں کانسٹیبل فضل مالک جاں بحق جبکہ سب انسپکٹر ماہر خان کانسٹیبل عبدالباری اور کانسٹیبل محمد علی شدید زخمی ہو گئے۔ دھماکہ کے بعد قریب گھات لگائے شرپسندوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ بھی شروع کر دی تاہم جوابی فائرنگ پر ملزمان فرار ہو گئے۔ شرپسندوں نے علاقے میں مختلف مقامات پر بم نصب کر رکھے ہیں جنہیں سیکورٹی فورسز کی آمد پر استعمال کیا جاتا ہے ادھر سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 20 عسکریت پسندوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ پنجگوڑہ میں عسکریت پسند کمانڈروں ابراہیم اور نصیب روا کے گھروں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔