پی سی بی کے آئین میںترمیم کیلئے سب کمیٹی بنانے کا فیصلہ
ریجنز کو بااختیار بنائیں گے، وزیر کھیل، ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر کام کرنا ہو گا، میانداد
اسلا م آباد(این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین
میں ترامیم کیلئے وزارت کھیل کی جانب سے بنائی گئی آئین کمیٹی نے وفاقی وزیر کھیل
پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کو ٹاسک دیا
ہے کہ وہ ایک سب کمیٹی تشکیل دیں جو کہ ماہ کے اندر پی سی بی کے آئین میں ترامیم
تجویز کر کے اپنی سفارشات آئینی کمیٹی کو بھجوائے۔ آئین کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر
قانون فاروق ایچ نائیک اور شریک چیئرمین وفاقی وزیر کھیل پیر آفتاب حسین شاہ کی زیر
صدارت پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری
کھیل محمد اشرف خان،جائنٹ سیکرٹری محمد انور خان، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس
بورڈ سید امیر حمزہ گیلانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ، سندھ کے صوبائی
وزیر کھیل سید مہر علی شاہ، پی سی بی کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد، سابق ٹیسٹ
کرکٹر ماجد خان، صادق محمد ، سلیم ملک، قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک، نائب کپتان
مصباح الحق، پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیائ،
بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر طارق بلوچ، ملتان ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر
میاں منیر اسلام آباد ریجن کرکٹ ایوسی ایشن کے صدر شکیل شیخ اور ایبٹ آباد ریجن
کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر امیر نواب کے علاوہ کراچی سے رضا خان، مرزا عرفان علی اور
صفدر خان نے شرکت کی۔ قریباً چار گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس میں شرکاءنے
پی سی بی کے آئین میں ترامیم کے حوالے سے مختلف تجاویز دیں۔ دوران اجلاس اس بات کی
بھی سفارش کی گئی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے گوورنگ بورڈ کے اراکین کی تعداد کم کر
کے 15 کر دی جائے۔ اس طرح ملک میں موجود 11 ریجنوں کی بجائے کم کر کے 9 ریجن بنا دیئے
جائیں۔ گورننگ بورڈ میں نمائندگی کیلئے راولپنڈی اور اسلام آباد کو ایک ریجن اسی
طر ح فیصل آباد اور سیالکوٹ کو ملا کر ایک ریجن بنا دیا جائے۔ اجلاس کے بعد اخبار
نویسوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر کھیل پیر آفتاب حسین شاہ جیلانی نے کہا کہ
آج کا اجلاس بہت اہمیت کا حامل تھا۔ شرکاءاجلاس کی طرف سے پاکستان کی مقبول کھیل
کرکٹ کے فروغ کیلئے بڑی اہم تجاویز آئی ہیں۔ پی سی بی آئین میں ترامیم سے زنجیر زیادہ
بااختیار ہو جائیں گے اور چیئرمین کرکٹ بورڈ کے محدود اختیارات بھی کم ہوں گے اس
طرح ملک میں کرکٹ کے امور خوش اسلوبی کے ساتھ چلائے جا سکیں گے۔ وفاقی وزیر قانون
فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ وزارت کھیل کی اس کمیٹی نے پی سی بی
کے آئین میں ترامیم شدہ ڈرافٹ کی تشکیل کیلئے ایک سب کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کی
ہے وزیر کھیل اور چیئرمین پی سی بی باہمی مشاورت کے بعد آئینی سب کمیٹی کے ممبران
شامل کریں گے اور یہ کمیٹی پانچ اراکین پرمشتمل ہو گی۔ یہ سب کمیٹی جلد از جلد
اپنا کام کرے گی اور پی سی بی کے آئین کو ڈرافٹ کر کے ایک ماہ کے اندر آئینی کمیٹی
کے سپرد کرے گی تاکہ اس آئینی ڈرافٹ کو حتمی منظوری کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن
انچیف صدر مملکت آصف علی زرداری کے پاس بھجوایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ
ٹیم نے ابوظہبی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف معیاری کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک روز میچوں
کی سیریز میں کامیابی حاصل کی۔ کامیابی کا یہ سلسلہ جاری رہنا چاہئیے۔ اس سے قبل
آئینی کمیٹی جکے اجلاس میں سابق ٹیسٹ کرکٹر جاوید میانداد نے کہا کہ کرکٹ میں ڈیپارٹمنٹس
کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ ڈیپارٹمنٹس کو فعال بنایا جانا چاہیئے۔ یہاں
پر کوئی اپنے مفاد کے لئے کام کرتا ہے ہمیں کرکٹ کے فروغ کیلئے مفادات سے بالاتر
ہو کر کام کرنا چاہیئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر
ضیاءنے کہا کہ ملک میں کرکٹ گراﺅنڈز کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث یہ تباہ
ہو رہے ہیں انہیں بچایا جائے۔