اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Fri, 26 Sep 2008 10:53:00

ہیمبرگ ماسٹر ز ٹیم کی مضبوطی میں مددگار ہو سکتاہے،عمران

ہیمبرگ ماسٹر ز کے ذریعے مستقبل کیلئے مضبوط ٹیم تشکیل دی جاسکتی ہے، محمد عمران

لاہور( سپورٹس ڈیسک ) پاکستان ہاکی ٹیم کے نائب کپتان محمد عمران نے کہاہے کہ ہیمبرگ ماسٹر ز کپ کے ذریعے مستقبل کیلئے ایک مضبوط قومی ٹیم تشکیل دی جاسکتی ہے۔گزشتہ روزخصوصی بات چیت کرتے ہوئے پنالٹی کارنر سپیشلسٹ نے کہاکہ اس وقت قومی ٹیم میں80فیصد جونیئر کھلاڑی شامل ہیں جو ہیمبرگ ماسٹرز میں عمدہ کھیل پیش کرکے نہ صرف قومی ٹیم میں مستقل جگہ بنا سکتے ہیں بلکہ طویل عرصے سے جاری قومی ٹیم کی شکستوں کا سلسلہ بھی تھم سکتا ہے ۔انہوں نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس کیلئے ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں کو انفرادی کی بجائے اجتماعی کھیل پیش کرنا ہوگا کیونکہ گزشتہ کئی سالوں سے چندسینئر کھلاڑیوں نے اجتماعی کھیل پیش کرکے پاکستان ہاکی کو دیوار کے ساتھ لگا دیا ۔ قومی نائب کپتان کا کہنا تھا کہ ہیمبرگ ماسٹرز جونیئر ورلڈکپ کیلئے بھی نوجوان کھلاڑیوں کی خامیاں جانچنے کا بہترین موقع ہے اور پلیئرزکو اس موقع سے بھر پو ر فائدہ اٹھانا چاہیے۔محمد عمران کا کہنا تھا کہ جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کا ایک ساتھ کھیلنے کا تجربہ کافی سودمند رہتا ہے اور وہ پرامید ہیں کہ ہیمبرگ ماسٹرز میں پاکستانی ٹیم نمایاں کھیل پیش کریگی۔ہاکی کلب آف پاکستان میں جاری کیمپ کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے محمد عمران نے کہاکہ اولمپکس گیمز میں ہماری فارورڈ لائن ناکام ثابت ہوئی تھی لہذا اس بار کوچز فارورڈ لائن اپ کو مضبوط کرنے کیلئے کافی محنت کررہے ہیں اور ڈیفنس پوزیشن پر موجود غلطیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ تاثر غلط ہے کہ اولمپکس گیمز میں آصف باجوہ ٹیم کی شکست کا سبب بنے تھے حالانکہ انہوں نے ٹیم کیلئے پرکشش انعامات کا اعلان کیا تھا بدقسمتی سے قومی ٹیم توقعات پر نہیں اتر سکی۔موجودہ کپتان شکیل عباسی نے کے بارے میں شائع ہونیوالی ایک رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے محمد عمران کا کہنا تھا کہ بعض سابق کھلاڑی جنہیں قومی ٹیم میں جگہ نہیں ملی اور جو خود اپنے دور میں پاکستان ہاکی ٹیم کیلئے کچھ نہ کرسکے لیکن اب وہ ایک اچھے نظام میں ہلچل پیدا کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شکیل عباسی کے اوپر لگائے جانیوالے تمام الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے اور یہ محض پاکستان ہاکی کو بدنام کرنے کیلئے ایک پروپیگنڈہ شروع کیا گیا ہے جس کا انہیں انتہائی افسوس ہے۔محمد عمران نے کہاکہ انہیں اس بات کا افسوس ہے کہ جو لوگ خود ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے رہے اور ٹیم کا ماحول خراب کرنا ان کا بنیادی کام ہوا کرتا تھا آج وہ نومنتخب کپتان کے خلاف باتیں کرکے ٹیم میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں اور ایک سازش کے تحت عباسی کے خلاف میڈیا مہم شروع کی گئی ہے۔محمد عمران کا کہنا تھا کہ جس لڑکی کے ساتھ شکیل عباسی کا سیکنڈل بنایا جارہا ہے وہ دورہ چین میں ہماری ٹیم کی لائزن آفیسر تھی اور اس کی تمام کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر موجود ہیں اور عباسی کے ساتھ افیئر کی کوئی صداقت نہیں ہے۔نائب کپتان نے مزید کہاکہ شکیل عباسی کے خلاف ہاکیاں بیچنے کا الزام بھی بے بنیاد ہے بلکہ خودعباسی نے اپنی سفارش پر قومی کھلاڑیوں کو ditaکمپنی کی ہاکی لیکر دیں جن کی مالیت 6سے 7لاکھ روپے بنتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک منصوبہ بندی کے ذریعے پاکستان ہاکی جو کہ پہلے ہی سے زبوں حالی کاشکار ہے اسے مزید نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے جو کہ سابق سٹار ز کو زیب نہیں دیتا کہ وہ اسی ہاکی ٹیم کے خلاف سازشیں کریں جس کی وجہ سے انہیں عزت و رتبہ حاصل ہوا ۔







(Your Name) آپ کا نام
(E-mail Address) ای میل ایڈریس
(City or Country) شہر یا ملک کا نام
(Write your message here) یہاں لکھیں


  
     © 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of   Publications

sponsors: air purifier