لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان سکواش فیڈریشن نے کھیل کے فورغ اور اگلے تین سالوں میں عالمی سطح کے کھلاڑی پیدا کر نے کیلئے "وژن 2011ء " متعارف کر ادیا ہے ۔ جمعے کو پی اے ایف میوزیم کارساز میں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل عاصم سلیمان نے کہا کہ اگلے تین سالوں میں صوبائی اور ضلعی سطح پر اسکواش کورٹس کا ایسا جال بچھا دیں گے کہ جن سے عالمی سطح کے کھلاڑی سامنے آئیں گے ہمارا ہدف 2011ء کی عالمی اسکواش چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کر نا ہے اور موجودہ کھلاڑیوں میں 2،3پلیئرز ایسے ہیں جو اس بات کی اہلیت رکھتے ہیں کہ پاکستان کو عالمی چیمپئن بنوادیں ۔ اس موقع پر اسکواش فیڈریشن کے سیکر یٹری ونگ کمانڈر شمس الحق اور سندھ اسکواش کے سیکر یٹری طاہر خانزادہ بھی موجودتھے ۔ عاصم سلیمان نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی جہانگیر خان اور جان شیر خان کو بارہا پیشکش کی کہ وہ آئیں اور فیڈریشن کے ساتھ مل کرکام کریں تاکہ پاکستان کو اسکواش میں دوبارہ بلندیوں کی جانب لے جا یا سکے لیکن ان دونوں کھلاڑیوں نے اس میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی ۔ جان شیر خان جب قومی ٹیم کے کوچ تھے تو وہ کورٹ کے اندر جا کر کھلاڑیوں کو کچھ نہیں بتاتے تھے جس کی وجہ سے کھلاڑیوں نے ان کی کوچنگ کو مسترد کر دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ وژن 2011ء پروگرام کے تحت پہلے فیز میں اسکواش اکیڈمیز اور صوبائی ہیڈ کوارٹر کو مضبوط کیا جائے گا جبکہ دوسرے اور تیسرے مر حلے میں ضلعی سطح پر اسکواش سینٹر بنائے جائیں گے۔پہلے مر حلے میں پشاور میں ہاشم خان اکیڈمی میں 200سے زائد کھلاڑی روازانہ ٹریننگ لے رہے ہیں اسی طرح پنجاب اسکواش اکیڈمی لاہور میں روزانہ 80سے100کھلاڑی اور کوئٹہ اسکواش اکیڈ می میں 25سے35کھلاڑی روازانہ تربیت حاصل کر رہے ہیں جنہیں کوچز اور تمام سامان فیڈریشن فراہم کر رہی ہے ۔کراچی اور روالپنڈی میں اکیڈمیز آخری مراحل میں ہیں جن کا افتتاح اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں کر دیا جائے گا جبکہ بلوچستان میں ایک عالمی سطح کا ایک اسکواش کمپلیکس بنانے جا رہے ہیں جس کا پی سی ون وفاقی وزارت کھیل کو بھیجا جا چکاہے اس کا کل بجٹ 43ملین روپے ہے رقم کا بندوبست ہو نے کے بعد کام شروع کر دیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ ملتان ، فیصل آباد ، حیدرآباد ، مردان اور کوئٹہ میں ضلعی سطح کی اکیڈمیز بنانے کیلئے مقامی حکومتوں کے ساتھ بات چیت ابتدائی مراحل میں ہے اور جلد ہی اس منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا ۔ ایئر وائس مارشل عاصم سلیمان نے بتایا کہ فیڈریشن تمام سینٹر ز میں کوچز اور ٹرینرز اور دیگر سامان مہیا کرے گی اگلے سال اسکواش کے نئے کھلاڑی سامنے آنا شروع ہو جائیں گے ۔