لاہور(سپورٹس رپورٹر) لاہور کی سول عدالت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک کی جانب سے پی سی بی کے خلاف دائر کردہ دعوے میں ترمیم کرنے کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ آج ترمیم شدہ دعویٰ دوبارہ دائر کریں جس پر آج غور کیا جائیگا۔سول جج لاہور ملک الطاف کے روبرو دائر دعوے میں سلیم ملک کی جانب سے ان کے کرکٹ کھیلنے پر لگائی جانے والی تاحیات پابندی کی گزشتہ روز سماعت کے دوران سلیم ملک نے عدالت سے اپیل کی کہ وہ اپنے دعوے میں مزید ترمیم کرنا چاہتے ہیں جس سے عدالت کو اپنے حتمی فیصلے تک پہنچنے کیلئے آسانی ہوگی،ملک کی اس درخواست کو عدالت نے قبول کرلیا جس پر آج بحث ہوگی ۔سابق کپتان سلیم ملک کی درخواست پر سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں سول عدالت روزانہ کی بنیاد تاحیات پابندی کیس کی سماعت کررہی ہے ۔ سلیم ملک جن پر 2002ء میں تاحیات پابندی لگائی گئی تھی الزام ہے کہ انہوں نے جوئے اور میچ فکسنگ میں ملوث ہوکر پاکستان کو بدنام کیا جبکہ سلیم ملک نے ہمیشہ تمام الزامات سے انکار کیا ہے۔ورلڈکپ 1999ء کے فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف شکست پر پاکستانی ٹیم کے کپتان وسیم اکرم سمیت کئی سینئر کھلاڑیوں پر میچ فکسنگ کا الزام لگایا گیا جس پر لاہورہائیکورٹ نے وسیم اکرم پر ٹیم کی کپتانی کے علاوہ دیگر تمام عہدوں پر تعیناتی پر پابندی کردی تھی جبکہ سلیم ملک پر تاحیات پابندی لگادی گئی جس کو سابق کپتان نے عدالت میں چیلنج کیا ہوا لیکن گزشتہ دس سال سے چلنے والے کیس کا تاحال کوئی فیصلہ سامنے نہیں آسکا۔