لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کااعلان کردیا گیا ہے۔47روزہ دورے پر مہمان ٹیم اگلے سال چارجنوری کو کراچی پہنچے گی۔دورہ کے دوران تین ٹیسٹ ،ایک ٹونٹی ٹونٹی اور پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلی جائیگی۔بھارتی ٹیم دورہ کا آغاز6جنوری سے حیدرآباد میں ہونیوالے تین روزہ پریکٹس میچ سے کریگی۔تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 13جنوری سے کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 21جنوری سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈ یم میں کھیلا جائیگا اور سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ 29جنوری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔تین فروری کو دونوں ٹیمیں فیصل آباد پہنچیں گی جہاں دودن نیٹ پریکٹس کرنے کے بعد 6فروری جمعہ کے روز پہلے ایک روزہ میچ کیلئے اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں مدمقابل آئیں گی۔8فروری اتوار کو قذافی سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ون انٹرنیشنل میچ کھیلا جائیگا اور 9فروری کو دونوں ٹیمیں راولپنڈی کیلئے روانہ ہونگی جہاں11تاریخ کو پنڈی سٹیڈیم میں تیسرا ایک روزہ میچ منعقد ہوگا۔شیڈول کے مطابق چوتھا ایک روزہ میچ اتوار14فروری کو ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلاجائیگا اور 15فروری کو دونوں ٹیمیں کراچی کیلئے روانہ ہونگی جہاں سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے میچ 17فروری کو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔دورے کے دوران اولین ٹونٹی20میچ کی میزیانی کا شرف نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کو بخشا گیا ہے یہ معرکہ 19فروری کو ہوگا اور اسے اگلے روز بھارتی ٹیم اپنے وطن واپس لوٹ جائے گی۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک معاہدے کے مطابق ہرسال سیریز منعقد ہوتی ہے جہاں ایک سال پاکستانی ٹیم کے بھارت کا دورہ کرتی ہے تو اگلے برس بھارتی ٹیم پاکستانی سرزمین پر کھیلنے آتی ہے۔یہ سلسلہ 2004ء سے چلا آرہا ہے جہاں پہلے بھارتی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور ساروگنگولی کی قیادت میں آنے والی بھارتی ٹیم نے پاکستان کو ٹیسٹ اور ایک روزہ دونوں سیریز میں شکست دی تھی جبکہ دوسری بار2006ء میں راہول ڈریوڈ بھارتی ٹیم کو پاکستان لائے تھے جہاں ایک روزہ سیریز میں بھارت اور ٹیسٹ سیریز میں پاکستان نے فتح حاصل کی ۔واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم رواں برس کوئی ایک ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکی اور سیکورٹی خدشات کی بنا پرچیمپئنزٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں غیرملکی ٹیموں نے پاکستان آنے سے انکارکردیاتھا اور توقع کی جارہی ہے بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے بعد آسٹریلوی ٹیم بھی شیڈول کے مطابق اپنا دورہ کریگی چونکہ اس سے قبل رواں برس کے آغاز میں آسٹریلوی ٹیم اپنا دورہ پاکستان ملتوی کرچکی ہے۔