4 رکن ممالک، چیمپئنز ٹرافی ملتوی کے فیصلے کی تائید
4 رکن ممالک، چیمپئنز ٹرافی ملتوی کے فیصلے کی تائید
دبئی (اردو ٹائمز) آسٹریلیا ،
نیوزی لینڈ اور انگلینڈ نے سکیورٹی خطرات کے پیش نظر پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز
ٹرافی ملتوی کرنے کے اقدام کو آئی سی سی کا صحیح قرار دیا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ
کونسل نے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ ، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کو ہونے والے سکیورٹی
خدشات کے باعث چیمپئنز ٹرافی کو آئندہ سال اکتوبر تک ملتوی کر دیا ہے۔ نیوزی لینڈ
کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو جسٹس وان کا اس بارے میں کہنا ہے کہ آئی سی سی کے فیصلے سے
ان کے سر سے ایک بہت بڑا بوجھ ہٹ گیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان پیٹرینگ کا
کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے آئی سی سی کو ایک ماہ پہلے ہی چیمپئنز ٹرافی کےلیے
قومی ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کے بارے میں آگاہ کر دیا تھا۔ انگلینڈ اینڈ ولز
کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک نے بھی آئی سی سی کے چیمپئنز ٹرافی ملتوی کرنے
کے فیصلے کی تائید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای سی بی نے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو
ہارون لورگٹ پر واضح کر دیا تھا کہ انگلش کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت کی تمام
تر ذمہ داری ای سی پی پر ہے اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ۔
پاکستان کر کٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی
نہ ہونے کے باعث پاکستان کو نقصان نہیں ہوا اورٹورنامنٹ کی پوسٹنگ فیس پاکستان کو
مل جائے گی۔ شفقت نغمی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے ملتوی
کرنے کا فیصلہ دبئی آئی سی سی کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ دوسری جانب عالمی کرکٹ
کونسل کے صدر ڈیوڈ مورگن کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کو پاکستان کرکٹ بورڈ سے ہمدردی
ہے اور وہ پی سی بی کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ لیکن موجودہ حالات میں چیمپئنزٹرافی
میں شرکت کرنے والی کچھ ٹیمیں تحفظات کا شکار تھیں جو کہ دور نہ کیے جاسکنے کے
باعث چیمپئنز ٹرافی اکتوبر 2009 تک التوا کرنی پڑی۔