لاہور (اردو ٹائمز) کرکٹ ذرائع سے
معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف کے استعفی
دینے کے بعد صدر پاکستان اور پی سی بی کے پیٹرن انچیف میاں محمد سومرو نے سابق ٹیسٹ
کرکٹر اعجاز بٹ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین کرکٹر اعجاز بٹ آئندہ چند روزمیں باقاعدہ چارج
سنبھالیں گے جبکہ ان کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سابق چیئرمین پی سی بی کے قریبی دوست
چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت حسین نغمی، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ذاکر خان ، ڈائریکٹر
ایچ آر، ڈائریکٹر ماکیٹنگ ڈاکٹر احسنحمید اور دیگر عہدیداروں کو فارغ کر دیا جائے
گا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر گورننگ باڈی کے ممبر اعجاز بٹ کے چیئرمین بننے کی خبر سن کر
پی سی بی کے ان عہدیداروں نے اپنی نوکریاں بچانے کے لیے اپنی طرف سے کوشش کرنی
شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ اعجاز بٹ نے ہمیشہ پی سی بی میں بے جا بھرتیوں پر
تنقید کی ہے ان کے آنے سے کرکٹ بورڈ میں کافی ساری تبدیلیاں متوقع ہیں کیونکہ
ڈاکٹر نسیم اشرف نے دوستی کی بنیاد پر این سی ایچ ڈی اور پی ایچ اے کے ڈیپارٹمنٹس
سے کافی ستاف کرکٹ بورڈ میں نوکریوں پر رکھا ہوا تھا۔