اردو ٹائمز(نیوز) ماریا شیراپوا، سرینا ولیمز، وینس ولیمز، جیلینا جانکووچ اور پیٹی شنائیڈر اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔ روس کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار ماریا شیراپوا نے کیرولین وزنیکی کو 6-4 اور 7-6 سے جبکہ سرینا ولیمز نے سارا ایرانی کو 6-4 اور 6-3 سے ہرا کر ٹاپ ایٹ تک رسائی حاصل کی۔ ایلیز کارنیٹ نے سوتیلانا کزنٹسوا کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کرتے ہوئے ٹاپ ایٹ تک رسائی حاصل کی۔ انہوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے روس کی تھرڈ سیڈ سوتیلانا کزنٹسوا کو 6-2 اور 6-4 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ سربیا کی جیلینا جانکووچ نے ماریا کیری لنکو کو 6-1 اور 6-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ اینا چیکویٹاڈز نے اگنسز کارڈوانسکا کو 6-4، 1-6 اور 6-1 سے ہرا کر ٹاپ ایٹ تک رسائی حاصل کی۔ امریکہ کی وینس ولیمز نے ویرازونا ریوا کو 7-5 اور 6-2 سے اور پیٹی شنائیڈر نے مارین برٹولی کو 4-6، 6-4 اور 7-6 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ تسویتانا پرینکوا اور وکٹوریا آزرینکا کے درمیان مقابلہ ادھورا رہا۔ وکٹوریا آزرینکا زخمی ہونے کے باعث میچ جاری نہ رکھ سکیں اور مقابلے سے دستبردار ہو گئیں اور تسویتانا پرینکوا کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔