اردو ٹائمز(نیوز) عالمی نمبر ایک سوئس ٹینس سٹار راجر فیڈرر اور عالمی نمبر دو سپین کے رافیل ندال ہیمبرگ ماسٹرز سیریز ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ اینڈریو مرے ٹورنامنٹ کے تیسرے را¶نڈ میں اپنا میچ ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ گذشتہ روز ٹورنامنٹ کے تیسرے را¶نڈ میں عالمی نمبر ایک سوئس ٹینس سٹار راجر فیڈرر نے رابن سوڈرلنگ کو باآسانی سٹریٹ سیٹس میں شکست سے دوچار کرتے ہوئے ٹاپ ایٹ تک رسائی حاصل کی۔ راجر فیڈرر نے انتہائی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے رابن سوڈرلنگ کو بالکل سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور یہ میچ باآسانی 6-3 اور 6-2 سے جیت کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ ایک اور میچ میں عالمی نمبر دو اور سیکنڈ سیڈ رافیل ندال نے برطانیہ کے اینڈریو مرے کو شکست سے دوچار کیا۔ اینڈریو مرے اپنے جنم دن کو یادرگار بنانے میں ناکام رہے اور رافیل ندال نے انہیں 6-3 اور 6-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ ایک اور میچ میں نوویک ڈجکووچ نے آئیوان کارلوچ کو 7-6 اور 6-3 سے جبکہ نیکولس کیفر نے نیکولے ڈیویڈنکو کو 7-5 اور 6-3 سے ہرا کر ٹاپ ایٹ تک رسائی حاصل کی۔ فرنینڈو ورڈاسکو نے ڈیوڈ فیرر کو 7-6 اور 6-2 سے جبکہ کارلوس مویا نے مرات سافن کو سخت مقابلے کے بعد 6-2، 6-7 اور 6-1 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ اندریس سیپی نے جان مناکو کو 6-0 اور 6-3 سے اور البرٹ مونٹانیز نے جانکو ٹسپارکوچ کو 6-2 اور 6-1 سے ہرا کر ٹاپ ایٹ تک رسائی حاصل کی۔