|
اردو ٹائمز (نیوز)وانکھیڈے اسٹیڈیم کے مین گیٹ پر واقع بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے آفس کے باہر زبردست ہجوم تھا۔ تماشائی بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کررہے تھے۔ اکثر نے نیلے رنگ والی سچن ٹنڈولکر کی دس نمبر کی شرٹ پہن رکھی تھی۔ لیکن صحافی اسی انتظار میں کھڑے تھے کہ ہر بھجن سنگھ بورڈ آفس سے باہر آکر پانچ میچوں کی پابندی پر ردعمل دیں گے۔ اچانک ہر بھجن سنگھ سیکیورٹی گارڈز کے حصار میں باہر آئے اور ٹیلی وڑن کے کیمرے مین بھاگے اور چیخ اور پکار مچ گئی لیکن ہر بھجن سنگھ کا چہرہ اترا ہوا تھا ۔ وہ میڈیا سے کوئی بات کئے بغیر کار میں سوار ہوکر اپنی منزل پر روانہ ہوگئے۔ یہ مناظر باہر کے تھے ۔ ہر بھجن پر بھارتی بورڈ کی ڈسپلنری کمیٹی نے پانچ ون ڈے انٹر نیشنلز کی پابندی لگادی اس طرح وہ بنگلہ دیش میں آئندہ ماہ سہ فریقی ٹورنامنٹ اور پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔ شرد پوار کی سر براہی میں ڈسپلنری کمیٹی نے سری سانتھ کو تھپڑ مارنے پر ہر بھجن پر پابندی لگانے کا اعلان بورڈ کے ضابطہ اخلاق کی شق تین ، دو اور ایک کے تحت کیا۔ ہر بھجن سنگھ کو تنبہہ کی گئی ہے کہ اگر وہ مستقبل میں اس قسم کے کسی واقعے میں ملوث پائے گئے تو انہیں تاحیات پابندی لگائی جاسکتی ہے۔ ہر بھجن سنگھ کا موقف سننے کے بعد انہیں فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔25 کو موہالی میں آئی پی ایل کے میچ کے بعد ہر بھجن نے سری سانتھ کو تھپڑ مارا تھا۔ جبکہ سری سانتھ کو بھی مستقبل میں محتاط رہنے کیلئے سخت وارننگ دی گئی ہے۔ نانا وتی کی رپورٹ کی کاپی بھی ہر بھجن کو بھی دی گئی۔27 سالہ ہر بھجن سنگھ بھارت کے کامیاب اسپنر ہیں لیکن ان کا ڈسپلن بے حد خراب رہاہے۔
|
|