|
اردو ٹائمز (نیوز)انڈین پریمئیر لیگ میں اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ وہ کسی پر کچھ ثابت نہیں کرنا چاہتے۔ صرف اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے اپنی فٹنس اور فارم ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شعیب نے کہا کہ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز میچ جیتے۔ انہوں نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں اپنے ساتھوں، کوچ جان بکانن، کپتان سارو گنگولی اور ٹیم فرنچائز کے مالک شاہ رخ خان کی جانب سے مسلسل حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی فتح میں ٹیم کے ہر کھلاڑی نے اپنا اپنا کردار ادا کیا ہے اور کھیل کے تینوں شعبوں میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوے کا میابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی ڈیر ڈیولز کے خلاف کامیابی ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے ایک سوال کے جواب میں فاسٹ باﺅلر نے کہا کہ وہ ذاتی تعریف کیلئے نہیں کھیلے اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز ان کی ہوم سائیڈ ہے اور جب بھی موقع ملا وہ اپنے ملک کیلئے بھی سو فیصد کارکردگی دکھائیں گے۔ شعیب اختر نے کہا کہ میں چار ماہ بعد میدان میں اترا تھا اور اس قسم کی کارکردگی دکھانے کیلئے بے تاب تھا۔ حالات میرے موافق ہیں تاہم سب سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ نائٹ رائیڈرز فتحیاب رہی جس سے ہمیں بڑی تقویت ملی ہے اور وہ ٹورنامنٹ کے بقیہ میچوں میں بھی ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ایڈنز گارڈنز میں اپنی بھر پور ستائش کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کا رویہ شاندار تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کولکتہ اور یہاں کے شہریوں سے پیار ہے کیونکہ در حقیقت یہاں کے لوگ ان کے پرستار ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان میں پانچ سال کی پابندی کی سزا ایک ماہ کیلئے معطل کیے جانے کے بعد آئی پی ایل کیلئے پہنچنے پر شعیب اختر میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ تاہم نائٹ رائیڈرز کوچ بکانن کو شعیب اختر کی فٹنس پر کچھ تحفظات تھے جس کے پیش نظر انہوں نے فاسٹ باﺅلر کو بنگلور رائل چیلنجرز اور دکن چارجرز کے خلاف میدان میں نہیں اتارا تھا۔ ادھر بالی وڈ سٹار اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک شاہ رخ خان نے شعیب اختر کی ڈیر ڈیولز کے خلاف عمدہ پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ لوگ اسے بدتمیز سمجھتے ہیں لیکن وہ ایسا نہیں ہے۔ گزشتہ روز اس نے دکھا دیا کہ وہ کتنا با صلاحیت ہے۔ شاہ رخ نے کہا کہ شعیب اختر وہ پہلا کھلاڑی ہے جس کو انہوں نے اپنی ٹیم کیلئے خریدا تھا لیکن جب انہیں آئی پی ایل کھیلنے کی اجازت نہیں ملی تو انہیں سخت مایوسی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ شعیب اپنے پہلے میچ کے پہلے اوور میں تین وکٹیں حاصل کریں بد قسمتی سے ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوئی۔ اس کے بعد میں نے اپنی خواہش کو بڑھایا کہہ وہ پہلے تین اوورز میں تین وکٹیں لیں تو شعیب نے تین اوورز میں چار وکٹیں لے کر مجھے بے حد خوش کیا۔ دریں اثناءپاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم آل راﺅنڈر وسیم اکرم نے شعیب اختر کی شاندار پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں شعیب اختر کی پرفارمنس پر بہت خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعیب اختر سے نمٹنے کیلئے کوچ بکانن جیسی حکمت عملی اختیار کرنا چاہیےے اور ان کے ساتھ ثابت قدمی اور پیشہ وارانہ انداز سے پیش آنا چاہیے۔ سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم نے کہا کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کوچ جان بکانن نے دکھا دیا ہے کہ شعیب اختر جیسے کھلاڑی کو زیادہ ثابت قدمی اور پیشہ وارانہ انداز سے ہی قابو کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ شعیب اختر پر پانچ سالہ پابندی میں سے ایک ماہ کی رعایت حاصل کرنے کے بعد جب بھارت پہنچے تو ان کی ٹیم کے کوچ بکانن نے فاسٹ باﺅلر کی فٹنس سے مکمل طور پر مطمئن نہ ہونے کی وجہ سے انہیں ابتدائی دو میچوں میں نہیں کھلایا تھا۔ تاہم جب شعیب کو منگل کے روز مشہور زمانہ ایڈن گارڈنز میں کھیلنے کا موقع دیا گیا تو انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ وسیم اکرم نے کہا کہ وہ پہلے ہی یہ بات کہہ چکے ہیں کہ شعیب اختر آئی پی ایل میں کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک اور سابق کپتان راشد لطیف نے بھی شعیب اختر کی آئی پی ایل میں پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں شعیب اختر کی آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی پر بہت زیادہ خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعیب اختر جیسے تجربہ کار باﺅلر ٹوئنٹی 20 کرکٹ لیے موزوں ترین کھلاڑی ہیں کیونکہ وہ ایک میچ ونر باﺅلر ہے جو کہ اس طرح کی لیگ میں بڑی پرفارمنس کے طور پر سامنے آسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سے بہت خوش ہوں کیونکہ وہ حالیہ کچھ ماہ میں انتہائی مشکل وقت ہے گزر ے ہیں۔
|
|